[]
سنگاریڈی: شہر حیدرآباد کے مضافات میں آؤٹر رنگ روڈ (او آر آر) پر ایک پوسٹ گریجویٹ لیڈی ڈاکٹر نے مبینہ طور پر کیڑے مار دوا کھا کر خودکشی کرلی۔
امین پور پولیس اسٹیشن حدود میں تحت سلطان پور آوٹر رنگ روڈ پر راہگیروں نے ایک کار میں لیڈی ڈاکٹر کو بے ہوش پایا۔ لیڈی ڈاکٹر کی شناخت 25 سالہ ڈاکٹر رچنا ریڈی کے طور پر کی گئی ہے۔
وہ کھمم کے ممتا میڈیکل کالج میں پی جی میڈیکل کورس کی طالبہ تھی اور رنگاریڈی ضلع کے باچوپلی میں واقع ممتا میڈیکل کالج میں انٹرن شپ کر رہی تھی۔
بتایا گیا ہے کہ رچنا ریڈی نے پیر کی صبح 9 بجے او آر آر پر اپنی ہونڈا کار روکی تھی۔ اس کے بعد اس نے کیڑے مار دوا کا استعمال کرکے خودکشی کرلی۔ وہ سیٹ بیلٹ پہنے ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھی تھی۔
راہگیروں نے اسے ممتا اسپتال باچوپلی پہنچایا جہاں علاج کے دوران آج شام 4 بجے اس کی موت ہوگئی۔
رچنا ریڈی سنگاریڈی ضلع کے آر سی پورم منڈل میں بی ایچ ای ایل ٹاؤن شپ کی ایچ آئی جی کالونی میں رہتی تھی۔ پولیس نے ایک مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ خودکشی کی وجوہات کا پتہ چلانے کی کوشش کی جارہی ہے۔