پنجہ گٹہ پولیس اسٹیشن کے تمام اسٹاف کا تبادلہ، حیدرآباد کمشنر پولیس کا سنسنی خیز فیصلہ

[]

حیدرآباد: حیدرآباد کمشنر پولیس کتہ کوٹہ سرینواس ریڈی  نے ایک سنسنی خیز فیصلہ لیا ہے۔ پنجہ گٹہ پولیس اسٹیشن  کے ایس آئی، کانسٹیبلز اور ہوم گارڈز سمیت تمام 85 عہدیداروں کا تبادلہ کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ حال ہی میں بودھن کے سابق بی آر ایس ایم ایل اے عامر شکیل کے بیٹے ساحل نے اپنی کار تیز رفتاری سے چلائی اور پرجا بھون کے سامنے ٹریفک کی رکاوٹوں سے ٹکرادی تھی۔ وہ بعد میں دبئی فرار ہو گئے تھے۔

یہ اہم فیصلہ ایسے وقت لیا گیا جب بودھن کے سابق بی آر ایس ایم ایل اے عامر شکیل کے بیٹے کے کیس کے تنازعہ میں کئی انکشافات سامنے آرہے ہیں۔ اس کیس میں پنجہ گٹہ پولیس پر لاپرواہی برتنے کا الزام ہے۔ شروع میں پولیس نے کوئی کیس درج کرنے سے ہی انکار کردیا تھا تاہم جب عوام کا دباؤ بڑھا تو ایف آئی آر درج ہوئی۔

اس کے علاوہ پنجہ گٹہ پولیس پر میریڈین ہوٹل واقعہ میں بھی جانبداری برتنے کے الزامات لگ چکے ہیں جہاں ہوٹل اسٹاف نے کسی بات پر ایک گاہک کی پٹائی کی تھی جس کی بعدازاں موت ہوگئی تھی۔

یہ پہلا موقع ہے کہ کسی ایک پولیس اسٹیشن کے تمام اسٹاف کا تبادلہ کردیا گیا ہے۔ حیدرآباد کے مختلف پولیس اسٹیشنوں سے نئے عہدیداروں کو پنجہ گٹہ پولیس اسٹیشن میں تعینات کیا گیا ہے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *