[]
ہلکٹہ شریف: سجادہ نشین خیر و قدیرؒ پیر طریقت حضرت الحاج خواجہ سید ابو تراب شاہ قادری چشتی یمنی بندہ نوازی المعروف بہ حضرت ترابؔ قدیری ہلکٹہ شریف نے آج ایک صحافتی بیان میں بتایا کہ نُورِ نِگاہِ کریمؒ حضرت خواجہ سید محمد بادشاہ قادری چشتی یمنی قدیرؒ ہلکٹہ شریف، واڑی جنکشن ضلع گلبرگہ شریف کرناٹک کے چہار روزہ 46 ویں سالانہ عرس شریف تقاریب کو قطعیت دے دی گئی ہے۔
پروگرام کے مطابق 12محرم الحرام 1445ھ مطابق 31 جولائی 2023 عیسوی بروز پیر بعد نماز مغرب مرکزی جلسہ قومی یکجہتی وپیامِ محبت، بعد نمازعشاء جلسۂ قراءت کلام پاک، نعتیہ ومنقبتی مشاعرہ غیر طرحی، محفلِ سماع کا انعقاد عمل میں آئے گا۔
اسی طرح 13 محرم الحرام مطابق یکم اگست بروز منگل بعد نمازعصر جلوس صندل مبارک از ریلوے اسٹیشن واڑی جنکشن، بعد نمازعشاء جلسۂ عظمت اولیاء اللہ بمقام آستانۂ قدیریؒ ملک کے ممتاز علمائے کرام و مشائخ عِظام (بالخصوص شُہرۂ آفاق جامعہ نظامیہ کے اساتذہ وعلماء) کے خصوصی خطابات ہوں گے۔
14محرم الحرام بروز چہارشنبہ م 2اگست بعد نماز فجر خدمتِ صندل مالی بدستِ مبارک جانشینِ صاحبؒ قدیری و شرکائے سعادت، 2بجے دن سیمنار تعلیمات اولیاء اللہؒ پر مَقالہ نِگار حضرات اپنے مقالہ جات پیش کریں گے۔ بعد نماز عشاء محفل سماع ہوگی
15محرم الحرام مطابق 3اگست بروز جمعرات بعد نماز عصرختم القرآن و بعد نمازعشاء محفل قل سے چہار روزہ عرس تقاریب کا اختتام عمل میں آئے گا-
نظامت کے فرائض حضرت مولانا حافظ الحاج مفتی محمد عبدالباری ساجد نظامی چشتی قادری قدیری مولوی کامل الحدیث والفقہ جامعہ نظامیہ و خطیب وامام جامع مسجد سکندرآباد اسٹیشن انجام دیں گے-
واضح رہے کہ عرس قدیرؒ میں ملک وملت بلا لحاظ مذہب ہزاروں کی تعداد میں عقیدت مند شرکت کریں گے۔ حیدرآباد سے جلوس صندل کی خصوصی ٹرین بھی نکلتی ہے۔