[]
گوہاٹی: چیف منسٹر آسام ہیمنت بشواشرما نے کہا کہ وہ عنقریب کانگریس قائد راہول گاندھی کے ”باڈی ڈبل“ (ڈپلیکیٹ) کا نام اور پتہ بتائیں گے جسے آسام میں کانگریس قائد کی بھارت جوڑو نیائے یاترا کے دوران استعمال کیاگیا۔
چیف منسٹر نے الزام عائد کیاکہ جمعرات کے دن پریس کانفرنس میں کانگریس قائد نے اپنے ڈپلیکیٹ کا استعمال کیا انہوں نے ایک نیوزرپورٹ کے حوالہ سے دعویٰ کیاکہ یاترا کی بس میں بیٹھاشخص اور لوگوں کی طرف ہاتھ ہلاتا شخص شائد راہول گاندھی نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ میں یونہی باتیں نہیں کرتا میں ڈپلیکیٹ کا نام اور تفصیلات بتاؤں گا۔ چند دن انتظارکیجئے۔ چیف منسٹر نے ہفتہ کے دن ضلع سونیت پور میں ایک پروگرام کے حاشیہ پر یہ بات کہی۔
انہوں نے کہا کہ میں دو دن گوہاٹی سے باہر رہوں گا‘گوہاٹی واپسی کے بعد میں ڈپلیکیٹ کا نام اور پتہ بتاؤں گا۔ راہول گاندھی کی منی پور۔مہاراشٹرا نیائے یاترا 18 تا25جنوری آسام سے گزری جس کے دوران کانگریس رکن پارلیمنٹ نے الزام عائد کیاتھا شرما ملک کے انتہائی بدعنوان چیف منسٹر ہیں۔
شرما نے کہا کہ کانگریس کو آسام میں انہیں ہرانے کیلئے تمام تینوں گاندھیوں (سونیا‘پرینکا اور راہول) کی ضرورت پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ انہیں پرینکاکے بیٹے کو بھی لالینے دیجئے۔