آسام میں نیائے یاترا کے پوسٹرس پھاڑ دیئے گئے

[]

نارتھ لکھم پور: کانگریس نے الزام عائد کیا کہ آسام کے نارتھ لکھم پور ٹاؤن میں بھارت جوڑو نیائے یاترا کے خیرمقدمی بیانرس اور پوسٹرس کو پھاڑدیاگیا۔

راہول گاندھی کی یاترا کا آسام میں آج تیسرا دن تھا۔ پردیش کانگریس قائد بھرت نارا نے الزام عائد کیا کہ نارتھ لکھم پور ٹاؤن میں زیادہ تر بیانرس‘ پوسٹرس اور ہورڈنگس کو جمعہ کی رات نقصان پہنچایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ یاترا کی کامیابی سے پریشان شرپسندوں نے ساری ہورڈنگس اور پوسٹرس پھاڑدیئے۔ آسام کی سیاسی تاریخ میں کبھی ایسا نہیں ہوا کہ حریف سیاسی جماعتوں نے دوسری جماعتوں کے بیانرس اور پوسٹرس کو نقصان پہنچایا ہو۔

انہوں نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ ریاست کی بی جے پی حکومت‘یاترا کے راستہ پر رکاوٹیں پیدا کررہی ہے۔ وہ لوگوں کو یاترا میں حصہ لینے سے روک رہی ہے۔ بھرت نارا نے کہا کہ ہمارے پاس خبریں آئی ہیں کہ کشتیوں کی بیاٹریاں نکال دی گئیں۔ فیول ڈپو بند کردیئے گئے تاکہ لوگ اپنی گاڑیوں سے یاترا میں حصہ لینے نہ آسکیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم بتادینا چاہتے ہیں کہ یاترا کو کامیاب ہونے سے بھی کوئی چیز نہیں روک سکتی۔ کانگریس پارٹی نے ایک ویڈیو بھی شیئر کیا جس میں شرپسندوں کو کل رات نارتھ لکھم پور ٹاؤن میں کانگریس قائدین کی تصاویر والے پوسٹرس پھاڑتے دیکھا جاسکتا ہے۔

اسی دوران کانگریس جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے الزام عائد کیاکہ وزیراعظم نریندر مودی نہیں چاہتے کہ راہول گاندھی کی یاترا کامیاب ہو اور اسی لئے چیف منسٹر آسام مسائل پیدا کررہے ہیں۔ ضلع لکھم پور کے گوبند پور میں پریس کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ریاستی چیف منسٹر ہمارے پروگرام کو فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش کررہے ہیں۔ چیف منسٹر‘ وزیراعظم کی ہدایت پر عمل پیرا ہے۔

وزیراعظم نہیں چاہتے کہ یاترا کامیاب ہو‘ اس کا خیرمقدم ہو۔ کانگریس قائد نے پوچھا کہ ایچ بی شرما کون ہے؟ وہ کٹھ پتلی ہے۔ جو کچھ ہورہا ہے وہ ایک گھمنڈی شخص کررہا ہے۔ چیف منسٹر کا واحد ایجنڈہ ہماری یاترا کو فرقہ وارانہ رنگ دینا ہے۔ یاترا جہاں بھی جارہی ہے سماج کے سبھی طبقات کے لوگ راہول گاندھی کا خیرمقدم کررہے ہیں۔

جئے رام رمیش نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ کانگریس کو ریاست کے سب سے بڑے شہر گوہاٹی میں روٹ پرمیشن ملنے میں کافی دشواریوں کا سامنا ہے۔ یاترا 23 جنوری کو گوہاٹی سے گزرے گی۔ راہول گاندھی کی جنوب تا شمال پہلی بھارت جوڑو یاترا کے حوالہ سے جئے رام رمیش نے کہا کہ اُس وقت بی جے پی زیراقتدار ریاستوں میں تک کوئی بڑا مسئلہ پیش نہیں آیا تھا۔

کانگریس رکن پارلیمنٹ گورو گوگوئی نے جو پریس کانفرنس میں موجود تھے‘ کہا کہ بی جے پی حکومت تنگ دلی کا مظاہرہ کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر سے میری اپیل ہے کہ وہ اپنی حکومت کے کام کاج پر توجہ دیں۔ یاترا کو کوئی بھی نہیں روک سکتا۔

اسی دوران کانگریس نے اپنی یاترا پر آسام میں بی جے پی کے غنڈوں کے حملہ کی مذمت کی۔ پارٹی صدر ملیکارجن کھرگے نے کہا کہ ایسے حربوں سے کانگریس دبنے جھکنے والی نہیں۔ اے آئی سی سی جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے بھی حملہ کا ویڈیو شیئر کیا۔

انہوں نے کہا کہ انتہائی بدعنوان چیف منسٹر ہیمنت بسواشرما کتنا بوکھلایا ہوا ہے اس کا اور کیا ثبوت چاہئے؟۔ یہ شخص یاترا کی زبردست پذیرائی سے بوکھلا گیا ہے اور وہ کسی بھی حد تک گرسکتا ہے۔



ہمیں فالو کریں


Google News

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *