[]
جورہاٹ: آسام کے ضلع جورہاٹ میں حکومت کی نئی اسکیم کے فارم حاصل کرنے جمع ہوئی سینکڑوں دیہی خواتین قطاروں سے نکل کر کانگریس لیڈر راہول گاندھی کو مبارکباد دینے پہنچ گئیں جو جمعرات کے روز اس علاقہ میں بھارت جوڑو نیائے یاترا کی قیادت کررہے تھے۔
راہول گاندھی دوپہر کے قریب ضلع شیوساگر کے پڑوسی ماریانی ٹاؤن پہنچے جہاں انہوں نے سینکڑوں دیہی خواتین کو ناکاچاری علاقہ میں حکومت کے ایک سنٹر پر قطاروں میں کھڑا دیکھا تاکہ اسکیم کے فارمس حاصل کرسکیں۔
راہول گاندھی کے قافلہ کو گزرتے دیکھ کر تمام خواتین قطاروں سے نکل گئیں اور سڑک کی طرف دوڑپڑیں تاکہ کانگریس رکن پارلیمنٹ سے ملاقات کرسکیں۔
یہ قافلہ جیسے ہی رکا اور راہول گاندھی بس سے باہر آئے تو کئی خواتین نے ان کے پاؤں چھونے کی کوشش کی لیکن انہوں نے خواتین کو ایسا کرنے سے روک دیا۔
بعدازاں خواتین نے ان کے ساتھ تصویرکشی کرانے کی خواہش ظاہر کی جس پر وہ تیار ہوگئے۔راہول گاندھی نے ان کے ساتھ کچھ وقت گزارا اور ان کی خیرخیریت دریافت کی۔
بعدازاں کانگریس جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے جو یاترا میں راہول گاندھی کے ہمراہ ہیں‘ یہ ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شیئر کیا۔
انہوں نے کہا کہ ماریانی میں چیف منسٹر آسام کی جانب سے منعقدہ ایک تقریب کے لئے جمع خواتین نے بھارت جوڑو نیائے یاترا کے پانچویں دن فوری اور خوش و خروش کے ساتھ راہول گاندھی سے ملاقات کی۔ آسام کے لئے نیائے شروع ہوچکا ہے۔