[]
حیدرآباد: بی جے پی کی قومی نائب صدر ڈی کے ارونا نے کہا کہ کالیشورم پروجیکٹ ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا اسکام ہے۔
آج دفتر بی جے پی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کانگریس پر کالیشورم پروجیکٹ کے متعلق دہرا رویہ اختیار کرنے کا الزام عائد کیا۔
ڈی کے ارونا نے کہا کہ انتخابات سے قبل کانگریس، کالیشورم پروجیکٹ کی تعمیر میں مبینہ بدعنوانیوں کی سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ کررہی تھی اور اب حکومت بنانے کے بعد اپنے سابق موقف سے مکررہی ہے عدالتی تحقیقات کرانے کی بات کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عدالتی تحقیقات کا مطلب وقت برباد کرنا ہے اور کانگریس عدالتی تحقیقات کے نام پر عوام کو گمراہ کرنا چاہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کالیشورم پروجیکٹ کی تعمیر کے تخمینہ کو ایک لاکھ کروڑ کرتے ہوئے عوامی سرمایہ کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا گیا۔ اس بات سے کانگریس اچھی طرح واقف ہے۔
اب اگر کانگریس کو عوامی سرمایہ کی ذراسی بھی فکر ہے تو وہ اس بدعنوانی کی سی بی آئی کے ذریعہ تحقیقات کرانا چاہئے۔بی جے پی کی قومی نائب صدر ڈی کے ارونا نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے یہ بات بتائی۔