گیان واپی مسجد سروے رپورٹ کااس تاریخ کو ہوگا فیصلہ

[]

وارانسی(یوپی): وارانسی کی عدالت نے ہفتہ کے دن یہ طئے کرنے کے لئے 24 جنوری کی تاریخ مقرر کی کہ آیا گیان واپی مسجد کامپلکس سے متعلق محکمہ آثار ِ قدیمہ (اے ایس آئی) کی مہربند رپورٹ کو منظرعام پر لایا جائے اور اس کی کاپیاں فریقین کو دی جائیں۔

 ضلع جج اے کے وشویش نے 24 جنوری کی تاریخ طئے کی۔ ہندو فریق کے وکیل مدن موہن یادو نے یہ بات بتائی۔ فریقین کے وکلاء کے علاوہ محکمہ آثار ِ قدیمہ کا وکیل بھی عدالت میں موجود تھا۔ عدالت نے کہا کہ سیول جج سینئر ڈیویژن فاسٹ ٹریک کورٹ میں معاملہ کی 19 جنوری کو سماعت ہونے والی ہے جس کے بعد ہی ضلع جج فیصلہ کریں گے۔

محکمہ آثار ِ قدیمہ نے چہارشنبہ کے دن عدالت سے گزارش کی تھی کہ سروے رپورٹ کم ازکم 4 ہفتوں تک منظرعام پر نہ لائی جائے۔ اس نے الٰہ آباد ہائی کورٹ کے 19 دسمبر کے فیصلہ کا حوالہ دیا تھا۔

 اے ایس آئی کے وکیل امیت سریواستو نے ضلع عدالت سے کہا تھا کہ ہائی کورٹ اپنے احکام میں کہہ چکی ہے کہ ضروری ہو تو سیول جج سینئر ڈیویژن فاسٹ ٹریک کورٹ‘ گیان واپی مسجد کامپلکس کے پھر سروے کا حکم دے سکتے ہیں لہٰذا اگر سروے رپورٹ اب پبلک ڈومین میں آگئی تو متضاد صورتِ حال پیدا ہوسکتی ہے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *