[]
نئی دہلی: وشوا ہندوپریشد (وی ایچ پی) کے بین الاقوامی جوائنٹ جنرل سکریٹری سریندر جین نے جمعہ کے روز اے آئی ایم آئی ایم صدر اسدالدین اویسی کو ان کے ایک تبصرہ پر وارننگ دی۔ اسداویسی نے کہا تھا’نوجوانوں، میں تم سے کہہ رہا ہوں کہ ہم اپنی مسجد سے محروم ہوگئے ہیں اور تم دیکھ رہے ہو کہ وہاں کیا ہورہا ہے۔
کیا تمہارے دل میں درد نہیں اٹھتا۔‘ سریندرجین نے کہا کہ اسداویسی جس طرح شری رام جنم بھومی پر سپریم کورٹ کی جانب سے دیئے گئے فیصلہ پر بار بار تنقید کررہے ہیں وہ تحقیر عدالت کے دائرہ میں آتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں اویسی جیسے قائدین کو یہ انتباہ دینا چاہتا ہوں کہ وہ بار بار مسلمانوں کو نہ بھڑکائیں۔ یہ لوگ مسلم سماج کو ایسی تاریک گلی میں ڈھکیل رہے ہیں جس کا راستہ ترقی کی طرف نہیں جاتا۔ سریندرجین نے مزید کہا کہ میں اویسی کے بیان کی مذمت کرتا ہوں۔
ہم نے اپنے لیگل سیل کی ٹیم سے کہا ہے کہ وہ اس بات کا جائزہ لیں کہ آیا ان کا بیان قانونی حد سے تجاوز تو نہیں کرتا۔ کیا یہ دستور اور قانون کی خلاف ورزی کے مترادف ہے۔ اگر ایسا پایا جائے تو ہم ان قائدین کے خلاف قانونی کارروائی پر غور کرسکتے ہیں۔