[]
سلسلہ وار زلزلہ کے سبب کتنا مالی نقصان پہنچا ہے، اس سلسلے میں ابھی تک کوئی اندازہ نہیں لگایا جا سکا ہے، واجیما شہر میں کئی عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے اور کئی علاقوں میں آگ لگنے کا واقعہ بھی پیش آیا۔
نئے سال کے پہلے ہی دن جاپان میں آئے زلزلوں نے تباہی کا منظر پیدا کر دیا اور حالات معمول پر آنے میں ابھی وقت لگنے والا ہے۔ زلزلہ کی وجہ سے ہوئی ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 64 پہنچ گئی ہے اور کئی مقامات پر راحت رسانی و بچاؤ کا عمل ہنوز جاری ہے۔ ملبہ اور ٹوٹی ہوئی سڑکوں کی وجہ سے بچاؤ کاری کے عمل میں مشکلات درپیش ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ جاپان میں لگاتار 155 زلزلوں کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔ اس قدرتی آفت کے بعد سنامی کا الرٹ جاری کیا گیا تھا اور یکم جنوری کو ہی سنامی کی لہریں جاپانی سمندروں میں دیکھنے کو بھی ملی تھیں۔ زلزلہ کی وجہ سے اشیکاوا علاقہ کے واجیما شہر میں کئی عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے اور کئی علاقوں میں آگ لگنے کا واقعہ بھی پیش آیا۔ حالانکہ اب تک یہ اندازہ نہیں لگایا جا سکا ہے کہ زلزلہ کے سبب کتنا مالی نقصان ہوا ہے۔
اس درمیان جاپان کے محکمہ موسمیات نے جمعرات کو رک رک کر بارش کے ساتھ لینڈ سلائڈنگ کا امکان ظاہر کیا ہے۔ جاپان کے ڈیفنس فورس (جے ایس ڈی ایف) کو متاثرہ علاقوں میں بچاؤ کاری کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ وہ ہیلی کاپٹر کے ذریعہ متاثرہ علاقوں میں لوگوں کی ضرورت کی چیزیں پہنچائیں گے۔ دراصل مقامی افسران نے مرکزی حکومت سے ریسکیو مشن کے لیے جے ایس ڈی ایف اہلکاروں کو بھیجنے کی گزارش کی تھی۔
;