[]
چترادرگ (کرناٹک): سینئر کانگریس قائد ایچ انجنیا نے پیر کے دن یہاں یہ کہتے ہوئے تنازعہ پیدا کردیا کہ چیف منسٹر سدارامیا ”ہمارے لئے بھگوان رام ہیں“۔
سابق وزیر اور سدارامیا کے قریبی ساتھی انجنیا نے یہ ریمارکس اس سوال کے جواب میں کئے کہ سدارامیا کو ایودھیا میں رام مندر کی افتتاحی تقریب میں کیوں نہیں مدعو کیا گیا۔
انجنیا نے کہا کہ سدارامیا کو مدعو نہ کرنا اچھی پیشرفت ہے۔ چیف منسٹر سدارامیا خودبھگوان رام ہیں۔ وہ ایودھیا جاکر رام کی پوجا کیوں کریں؟۔ سدارامیا اپنے آبائی موضع سدارمنا ہونڈی میں مندر میں بھگوان رام کی پوجا کریں گے۔
ایودھیا میں بی جے پی کے بھگوان رام رہتے ہیں۔ بی جے پی والوں نے بھجن کے لئے اپنے آدمیوں کو مدعو کیا ہے۔ میں انجنیا (بھگوان ہنومان کا نام) ہوں اور ہم سبھی بھگوان رام کے بھکت ہیں۔ ہماری کمیونٹی کے لوگ رام‘ ہنومان کے نام رکھتے ہیں۔
یہ بھگوان ہماری برادری کے ہیں۔ بی جے پی مختلف مذاہب کے درمیان پھوٹ ڈالو اور راج کرو کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ وہ یہ سوچتی ہے کہ ایک مذہب کے خلاف بیان بازی سے اسے ووٹ ملیں گے۔
دلت قائد انجنیا نے کہا کہ ہم سبھی ہندو ہیں۔ بی جے پی ہندو دھرم کی مالک نہیں ہے۔ آیا اس نے بھیدبھاؤ اور استحصال کے خاتمہ کا کوئی حل پیش کیا؟۔
انہوں نے کہا کہ مندروں کی تعمیر رک جانی چاہئے۔ مکانوں اور صحت مند سوچ کی تعمیرپر توجہ دینی چاہئے۔ لوگ خراب حالات میں جی رہے ہیں۔ ان کے لئے مکان بناؤ اور ان مکانوں کو رام مندر کا نام دو۔ بھگوان رام تمہیں آشیرواد دیں گے۔ بھگوان رام کو ووٹوں کے لئے استعمال نہیں کرنا چاہئے۔