[]
نئی دہلی: ایشیائی کھیلوں اور دولت مشترکہ کھیلوں میں طلائی تمغہ جیتنے والی ونیش پھوگاٹ نے ہفتہ کوکرتویہ پتھ پر میجر دھیان چند کھیل رتن اور ارجن ایوارڈ چھوڑ دیئے۔ونیش اسپورٹس ایوارڈ واپس کرنے وزیر اعظم کے دفتر جارہی تھیں، لیکن سیکوریٹی اہلکاروں نے انہیں روک دیا، جس کے بعد وہ اپنے ایوارڈ کو کرتویہ پرتھ پر رکھ کر واپس چلی گئیں۔
یہ اعزازات وہاں موجود سیکوریٹی اہلکاروں نے اٹھالئے۔واضح رہے کہ 26 دسمبر کو ونیش نے اس سلسلے میں وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا (ڈبلیو ایف آئی) میں خواتین کی توہین کئے جانے الزام لگایا تھا اور اپنے ایوارڈ واپس کرنے کی پیشکش کی تھی۔
ڈبلیو ایف آئی کے سبکدوش ہونے والے صدر برج بھوشن سنگھ پر خواتین پہلوانوں نے جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام لگایا تھا، جس کے بعد سنگھ کو ڈبلیو ایف آئی سے ہٹا دیا گیا تھا-
اور 21دسمبر کو نئے انتخابات کرائے گئے تھے، جس میں برج بھوشن کے قریبی سنجے سنگھ کو ووٹوں کی بنیاد پر نیا صدر مقرر کیا گیا تھا۔ سنجے سنگھ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے بجرنگ پونیا اور ساکشی ملک نے کھیل اعزازات، جو انہیں ملے تھے، کو کرتویہ پتھ پر چھوڑ دیا تھا۔