[]
حیدرآباد: انڈین نیشنل کانگریس کی139 ویں یوم تاسیس کے موقع پر آج پردیش کانگریس کے ہیڈکوارٹر گاندھی بھون میں کارگزار صدر مہیش کمار گوڑ نے پارٹی پرچم لہرایا۔ سیوادل کارکنوں نے اس موقع پر انہیں سلامی دی۔
تقریب میں شرکت کرنے والوں میں ریاستی وزیر وحیدرآباد انچارج پونم پربھاکر، نائب صدر جی نرنجن، کودنڈا ریڈی، سکریٹری سرینواس و دیگر قائدین نے شرکت کی۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں مہیش کمار گوڑ نے پارٹی قائدین اور کارکنوں کو انڈین نیشنل کانگریس کی139 ویں یوم تاسیس پر مبارکباد دی۔ انہوں نے بتایا کہ28دسمبر1885 کو ممبئی میں اس وقت72 قائدین نے انڈین نیشنل کانگریس کی بنیاد ڈالی تھی۔ کانگریس پارٹی140 کروڑ عوام کے دلوں پر راج کررہی ہے۔
کانگریس پارٹی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس نے طویل جدوجہد کے ذریعہ ہندوستان کو انگریزوں کی غلامی سے آزادی دلائی۔ اس دوران جنگ آزادی میں لاکھوں افراد نے اپنی جانوں کو قربان کردیا۔
آزادی کے بعد کانگریس پارٹی نے ملک کو سماجی معاشی، صنعتی، سائنسی، اقتصادی، دفاعی، تعلیمی،ٹکنالوجی شعبہ میں غیر معمولی ترقی سے ہمکنار کیاہے۔ پنڈت نہرو، گاندھی جی، اندرا گاندھی، جدوجہد آزادی میں کئی قربانیاں دی ہیں۔
آج سونیا گاندھی، راہول گاندھی، پرینکا گاندھی نے ملک و عوام کی خدمت کیلئے اپنے آپ کو وقف کردیا ہے۔راہول گاندھی نے کنیا کماری سے کشمیر تک بھارت جوڑویاترا کے ذریعہ ملک میں نفرت کے ماحول کے خلاف عوام کو اتحاد ویکجہتی اور بھائی چارہ کا پیغام دیا ہے۔