[]
پی ٹی آئی کے مرکزی ترجمان معظم بٹ نے ایک گفتگو کے دوران کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی نشان واپس لینے کے خلاف کل پشاور ہائی کورٹ جائیں گے، کیس سے متعلق پٹیشن تیار کر لی گئی ہے۔
پاکستان میں آئندہ سال ہونے والے عام انتخاب کو لے کر سرگرمیاں زوروں پر چل رہی ہیں۔ اس درمیان عمران خان کی پارٹی پی ٹی آئی (پاکستان تحریک انصاف) کے لیے مشکل یہ کھڑی ہو گئی ہے کہ انتخابی کمیشن نے پارٹی کے انتخابی نشان ’بلا‘ کو واپس لے لیا ہے۔ لیکن پی ٹی آئی اس فیصلے کے خلاف عدالت کا رخ کرنے کا ارادہ کر چکی ہے۔ دراصل پی ٹی آئی نے انتخابی نشان کیس پر الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف پشاور ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستانی میڈیا ’جیو نیوز‘ کے مطابق پی ٹی آئی کے مرکزی ترجمان معظم بٹ نے ایک گفتگو کے دوران کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی نشان واپس لینے کے خلاف کل پشاور ہائی کورٹ جائیں گے۔ کیس سے متعلق پٹیشن تیار کر لی گئی ہے۔ معظم بٹ کا یہ بھی کہنا ہے کہ کوشش ہوگی پٹیشن کل ہی سماعت کے لیے مقرر ہو۔ پٹیشن میں الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم کرنے کی استدعا کی گئی ہے اور پٹیشن میں مؤقف ہے کہ الیکشن کمیشن نے غیر قانونی فیصلہ کیا ہے۔ پی ٹی آئی کے مرکزی ترجمان کا کہنا ہے کہ غیر متعلقہ شخص کی درخواست پر انتخابی نشان واپس لینا غیرقانونی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انٹرا پارٹی انتخابات پارٹی آئین کے مطابق نہ کرانے پر پاکستان تحریک انصاف سے بلے کا نشان واپس لے لیا۔ قابل ذکر یہ بھی ہے کہ گزشتہ دنوں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے آل پاکستان مسلم لیگ (اے پی ایم ایل) کی رجسٹریشن ختم کر دی تھی اور انتخابی نشان عقاب بھی واپس لے لیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
;