[]
حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیر صحت دامودر راج نرسمہا نے کانگریس حکومت کی ضمانتوں پر بہتر اور موثر طور پر عمل آوری کو یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔
وزیر صحت نے کلکٹر سنگاریڈی شرت اوردیگر ضلعی عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس سنگاریڈی کلکٹریٹ میں منعقد کیا۔
اس موقع پر وزیر موصوف نے عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ وہ عوامی نظم و نسق کے پروگرام گرام سبھا کے ذریعہ اہل افراد سے درخواستیں وصول کرنے کے لئے منصوبہ تیار کریں جس کے بعد گرام سبھا کا اہتمام کریں۔
انہوں نے ضلعی عہدیداروں کے ساتھ گرام سبھا، مہالکشمی، رعیتو بھروسہ، گروہا جیوتی، اندرما مکانات کی تعمیر جیسے امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے کانگریس کی اسکیمات کے نفاذ کے لیے درخواستیں وصول کرنے کی ہدایت دی۔
مہالکشمی اسکیم کے تحت خاندان کی ضروریات کے لیے خواتین کو ماہانہ 2500روپئے دیئے جائیں گے۔ ساتھ ہی 500روپئے میں گیس سلنڈر دیا جائے گا۔
گروہاجیوتی اسکیم میں ہر خاندان کے لیے دو سو یونٹ مفت بجلی کی سہولت فراہم کی جائے گی، اندرما مکان اسکیم میں بے گھر افراد کو پانچ لاکھ کی مالی امداد، ماہانہ ضعیف افراد، معذوروں اور بیواؤں کے لیے پنشن 4000 روپئے دی جائے گی۔ دیگر اسکیمات کے لئے بھی درخواستیں طلب کی جائیں گی۔