[]
غزہ: وسطی غزہ پٹی میں المغازی پناہ گزین کیمپ پر اتوار کو اسرائیلی فضائی حملے میں کم از کم 70 فلسطینی مارے گئے۔ ژنہوا نے یہ اطلاع پیر کو فلسطین کے سرکاری ٹی وی کے حوالے سے دی۔
غزہ میں قائم وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پرہجوم رہائشی علاقے پر فضائی حملے میں ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فورسز کیمپوں کے درمیان مرکزی علاقے میں مرکزی سڑکوں پر بمباری کر رہی ہیں جس سے ایمبولینسز اور شہری گاڑیاں اپنی منزلوں تک نہیں پہنچ پا رہی ہیں۔
مقامی ذرائع نے ژنہوا کو بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر خواتین اور بچے ہیں اور مقامی ہسپتال فی الحال مزید زخمیوں کا علاج کرنے سے قاصر ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ المغازی پناہ گزین کیمپ کے علاوہ اسرائیلی فورسز نے وسطی غزہ میں البریج پناہ گزین کیمپ اور خان یونس کے جنوبی قصبے پر بھی حملہ کیا۔
غزہ میں قائم وزارت صحت کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق، 7 اکتوبر سے شروع ہونے والے تنازعے کے بعد سے اب تک اسرائیلی حملوں میں ہلاک ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 20,424 ہو گئی ہے اور 54,036 دیگر زخمی ہو ئے ہیں۔
دریں اثنا، اسرائیلی فوج نے کہا کہ گزشتہ ہفتے کے آخر میں غزہ میں کل 15 اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی، جس سے غزہ میں زمینی کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والے اسرائیلی فوجیوں کی کل تعداد 154 ہوگئی جسے 7 اکتوبر کو حماس کے حملے کا بدلہ لینے کےلئے کیا گیا تھا، جس میں 1200 اسرائیلی مارے گئے اور 200 سے زیادہ یرغمال بنائے گئے۔