[]
حیدرآباد: کارگزار صدر بی آر ایس ورکن ا سمبلی کے تارک راماراؤ نے کہاکہ23 دسمبر کو 11بجے دن تلنگانہ بھون میں پاور پوائنٹ پریزنٹیشن پیش کیاجائے گا جس میں بی آر ایس کے ساڑھے نو سال کے دورحکومت میں کئے گئے ترقیاتی کاموں، فلاحی اسکیمات اور دیگرامور پر روشنی ڈالی جائے گی۔
اس سلسلہ میں کے تارک راماراؤ نے ٹویٹر پر اعلان کیا۔ اُنہوں نے کہاکہ بی آر ایس دور حکومت میں تمام شعبوں میں سرفہرست ریاست کے طورپر اُبھری ہے۔ سابق حکومت نے پلے پرگتی سے آغاز کرکے ٹی ایس آئی پاس تک ہر اسکیم پر توجہ دی تھی۔ حکومت کے فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات کے باعث دیہی علاقوں کی صورتحال بدل گئی۔
حکومت نے نوزائدہ بچہ سے لیکر معمر افراد تک کیلئے کئی فلاحی اسکیمات کا آغاز کیا گیا اور ان پر عمل آوری کی گئی۔ انہوں نے کہاکہ ان کی پارٹی کانگریس حکومت کو ہر مسئلہ پر وضاحت دینے کیلئے تیار ہے۔
کے تارک راماراؤ نے کہاکہ ہم نے رات دن کا فرق دیکھے بغیر تلنگانہ کی تعمیر کیلئے توجہ دی تھی اور تلنگانہ کے وقار کو ٹھیس پہنچائی جائے گی تو اسے برداشت نہیں کیاجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ تلنگانہ کو ناکام ریاست کی طرح پیش کیاجائے گاتووہ خاموش نہیں رہیں گے۔