مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان روسی ہم منصب ولادیمیر پوٹن کی دعوت پر ماسکو کے دورے پر ہیں جہاں وہ صدر پوٹن سمیت اعلی روسی حکام سے ملاقات کررہے ہیں۔
صدر پزشکیان کے دورے کے حوالے سے ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ صدر پزشکیان کے ماسکو دورے میں شام اور غزہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی اور روسی صدور کے درمیان ایران کے جوہری معاملے سے متعلق تازہ ترین صورتحال پر بھی بات چیت متوقع ہے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ دن بدن برکس اور شنگھائی تعاون تنظیم کی اہمیت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ یہ دونوں فورمز مغربی پابندیوں کو غیر مؤثر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
بقائی نے زور دیا کہ ہم روس سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ صہیونی حکومت کو اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے اور جارحیت کے خاتمے پر مجبور کرنے میں مزید فعال کردار ادا کرے گا۔