کانگریس سے ہی ملک میں رواداری، سیکولر مزاج برقرار: ریونت ریڈی

[]

حیدرآباد: چیف منسٹراے ریونت ریڈی (آر آر) نے کہاکہ کانگریس پارٹی کی وجہ سے ملک میں رواداری اور سیکولرمزاج برقرار ہے۔

آج لال بہادراسٹیڈیم میں منعقدہ کرسمس ڈنرتقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ملک اور ریاست محض اس لئے محفوظ ہیں کیوں کہ کانگریس نے ملک کی فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا تحفظ کیا۔ہر شہری کواپنی مرضی کے مطابق زندگی بسر کرنے کا حق فراہم کیااورعوام کے تعاون سے ملک کے سیکولرکردارکوہمیشہ برقرار رکھا جائے گا۔

چیف منسٹر نے کہاکہ انتخابات سے قبل میں نے کہاتھاکہ دسمبر کا مہینہ جادوئی ثابت ہوگا۔ مسلمانوں اورعیسائی برادری نے کانگریس کواقتدارمیں لاکر جادوکردیا۔ چیف منسٹر نے کہاکہ حضرت عیسیٰ ؑنے انسانیت کو راہ راست پر چلنے‘پرامن معاشرہ تشکیل دینے کی تبلیغ کی تھی۔

ہم بھی حضرت عیسیٰ ؑ کی تعلیمات پر چلیں گے اور ریاست میں غریب کمزور‘پسماندہ اور اقلیتی طبقات کی ترقی اور خوشحالی کے لئے کام کرئیں گے۔عوام کی جانب سے سونیاگاندھی اورملکارجن کھرگے کی قیادت پراعتمادکرتے ہوئے ریاست میں ایک سیکولر حکومت کے قیام کے لئے ووٹ دیا گیا۔ہم عوام کی توقعات کوپورا کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ ملک کے حالات کودیکھتے ہوئے تلنگانہ میں حاصل کامیابی صرف ایک قدم ہے۔ہم کومزیدآگے جاناہے۔ اس سفر کو مکمل کرناہے۔کرناٹک‘ہماچل پردیش اور تلنگانہ میں حاصل کامیابی کوملک بھر میں دہرانا ہے۔ ہمارے سامنے سب سے بڑا چالنج ملک کے 140 کروڑعوام کے حقوق کا تحفظ ہے۔

ملک میں سیکولرازم کوپروان چڑھاناہے۔ رواداری کوفروغ دیناہے۔اس لئے ملک کو ان راستوں پر چلانے کے لئے کانگریس کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک کی صورتحال خطرناک ہے۔ شمال مشرقی ریاست منی پور فسادات سے متاثر رہی‘ وزیر اعظم نریندرمودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ اپنے فرائض ادا کرنے میں ناکام رہے۔

انہیں اپنے رویہ پر افسوس بھی نہیں ہے۔وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کوعوام کی حفاظت اورملک کی ترقی سے کہیں زیادہ انتخابات عزیز ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس سب کو ساتھ لیکر جامع اور پائیدار ترقی حاصل کرنا چاہتی ہے۔ پسماندگی اور غربت کا خاتمہ ہمارا مقصد ہے۔ ہم نے ان مقاصد کے حصول کے لئے اے کے انتھونی اور آسکرفرنانڈز جیسے قائدین کی خدمات سے استفادہ کیاہے۔

چیف منسٹر نے کہاکہ ان کا وعدہ ہے ریاست میں کانگریس کے اندرماں راجیم میں ریاست میں امن وامان کی برقراری اور غریب طبقات کی معاشی ترقی یقینی ہوگی۔ ہم امام وموذنین‘عیسائی مبلغین کوہرماہ اعزازی مشاہرہ فراہم کرنے کے پابند ہیں۔ امکنہ کی فراہمی‘500 روپے میں گیس سلینڈر‘ مہالکشمی اسکیم کے تحت خواتین کوماہانہ 2500 روپے کی مدد میں عیسائی طبقہ کے ساتھ انصاف کیاجائے گا۔

ریونت ریڈی نے کہاکہ آپ نے ہمارے وعدوں پر بھروسہ کیاہے اور ہم تیقن دیتے ہیں کہ ہم آپ لوگوں کومایوس نہیں کریں گے۔ہم عوام کوبتادینا چاہتے ہیں کہ ہم حکمراں نہیں بلکہ عوام کے خادم ہیں۔ مجھے اپنی ذمہ داریوں کا بخوبی احساس ہے اور میں اپنی ذمہ داریوں کو بہرصورت پوری کروں گا۔

ہمیشہ ریاست کی ترقی اور خوشحالی کے لئے کام کرتا رہوں گا۔ میں عوام کو مشورہ دے رہا ہوں کہ اگر آپ کوکوئی مسئلہ درپیش ہے توآپ لوگ بلاروک ٹوک اور بلاجھجھک سکریٹریٹ اور پرجادربار آسکتے ہیں۔

وہاں موجودتمام رکاوٹوں کوہٹادیاگیاہے۔ہم آپ کی شکایتوں کا حل دریافت کرنے کے لئے 24گھنٹے دستیاب ہیں۔اس موقع پر اسپیکر اسمبلی جی پرساد کمار‘ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر‘ سابق ریاستی وزیر محمدعلی شبیر‘سکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود سیدعمر جلیل‘ڈائرکٹر مائنارٹیز ویلفیر کنتی وینرلی کے علاوہ عیسائی پادری اور عوام کی بڑی تعداد موجودتھی۔



ہمیں فالو کریں


Google News

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *