[]
ماسکو: روسی صدر ولادیمیر پوتن نے غزہ کی صورتحال کو تباہ کُن قرار دیتے ہوئے کہا کہ غزہ کی صورتحال کا یوکرین سے موازنہ نہیں کیا جاسکتا۔
تفصیلات کے مطابق ماسکو میں پریس کانفرنس کے دوران روسی صدرپوتن نے کہا کہ غزہ کی صورتحال کا یوکرین سے موازنہ نہیں کیا جاسکتا، غزہ اور یوکرین میں جو کچھ ہو رہا ہے اس میں فرق پوری دنیا دیکھ رہی ہے، یوکرین میں ایسا کچھ نہیں ہے۔
پوتن کا کہنا تھا کہ “یوکرین اور غزہ میں فرق کو محسوس کریں، غزہ میں مکمل تباہی ہے۔” روسی صدر نے مزید کہا کہ روس غزہ کی پٹی کو طبی آلات اور ادویات کی فراہمی کو تیز کرے گا۔
یاد رہے اسرائیل کی غزہ میں دہشت گردی پر روس کے وزیرخارجہ سرگئی لاروف نے سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حماس کی آڑ میں فلسطینیوں کو سزا دینےکا کوئی جواز نہیں، 7 اکتوبر کے حملےکی آڑ میں فلسطینی عوام کاقتل عام ناقابل قبول ہے، اسرائیل کے قبضے میں راہداریوں پر بین الاقوامی نگرانی کی جائے۔
خیال رہے اسرائیل کی غزہ میں بربریت اوردہشت گردی جاری ہے، اسرائیل دہشت گردی میں شہید فلسطینیوں کی تعداداٹھارہ ہزارسات سو ستاسی اور زخمی فلسطینیوں کی تعداد پچاس ہزار آٹھ سو ستاسی ہوگئی ہے۔
فلسطینی وزارت صحت کا کہنا تھا کہ متاثرین کی ایک بڑی تعداد اب بھی ملبے کے نیچے دبی ہے جبکہ سات اکتوبر سے اب تک نواسی صحافی بھی جان گنوا چکے ہیں اور اقوام متحدہ کےایک سوپینتیس امدادی کارکن بھی لقمہ اجل بنے۔