[]
حیدرآباد: تلنگانہ کے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے آج مجلس کے ارکان اسمبلی سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات ڈاکٹر بی آر امبیڈکر تلنگانہ سکریٹریٹ میں ہوئی جہاں انہوں نے پرانے شہر حیدرآباد کے ارکان اسمبلی کے ساتھ اولڈ سٹی کے ترقیاتی کاموں پر تبادلہ خیال کیا۔
بتایا گیا ہے کہ پرانے شہر میں ترقیاتی پروگراموں پر ریونت ریڈی نے پروٹیم اسپیکر اکبر الدین اویسی اور ان کی پارٹی کے ارکان اسمبلی کے ساتھ بات چیت کی۔
اس کے علاوہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ایم آئی ایم ممبران اسمبلی سے موسیٰ ندی کے ترقیاتی کاموں کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا۔
چیف منسٹر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ پہلی بار ہے کہ ریونت ریڈی نے گریٹر حیدرآباد کے چند ایم ایل ایز سے ملاقات کی ہے۔
واضح رہے کہ تلنگانہ کے حالیہ اسمبلی انتحابات میں کانگریس پارٹی، گریٹر حیدرآباد کی ایک سیٹ بھی نہیں جیت سکی جبکہ بی آر ایس، بی جے پی اور ایم آئی ایم پارٹیوں نے گریٹر حیدرآباد کی تمام نشستوں پر قبضہ جمایا۔
مجلسی ارکان اسمبلی سے ریونت ریڈی کی ملاقات اہمیت کی حامل ہے کیونکہ حلف لینے کے بعد سے ہی تلنگانہ کے نئے وزیراعلیٰ کا مجلس کی طرف جھکاؤ نظر آرہا ہے حالانکہ مجلس، کانگریس پارٹی کی حریف بی آر ایس کی اہم حلیف جماعت ہے۔
انتخابات کے دوران ایم آئی ایم لیڈروں کے ساتھ بحث کرنے والے ریونت ریڈی نے اگرچہ ترقیاتی کاموں پر تبادلہ خیال کے لئے مجلسی ایم ایل ایز سے ملاقات کی تاہم یہ ملاقات سیاسی حلقوں میں موضوع بحث بن گئی ہے۔
اس ملاقات میں اکبر الدین اویسی کے علاوہ رکن اسمبلی چارمینار میر ذوالفقار علی، رکن اسمبلی بہادر پورہ محمد مبین احمد، رکن اسمبلی یاقوت پورہ محمد جعفر حسین معراج، رکن اسمبلی نامپلی محمد ماجد حسین، رکن اسمبلی کاروان محمد کوثر محی الدین، رکن کونسل محمد رحمت علی اور دیگر موجود تھے۔