آشیش کی حمایت کرتے ہوئے سنجے نشاد نے کہا کہ کچھ افسران شبیہ خراب کرنے کے لیے وزیر کو پریشان کر رہے ہیں، بی جے پی نہ ہمیں سیٹ دیتی ہے نہ ہی انتخابی نشان، یہی وجہ ہے کہ اسے لوک سبھا انتخاب میں شکست ملی۔
اتر پردیش میں بی جے پی اور این ڈی اے میں شامل اس کی ساتھی پارٹیوں میں رشتے انتہائی خراب ہوتے ہوئے محسوس ہو رہے ہیں۔ یوگی حکومت میں کابینہ وزیر اور این ڈی اے میں شامل اپنا دل (ایس) کے کارگزار صدر آشیش پٹیل اپنی ہی حکومت کو لگاتار چیلنج پیش کر رہے ہیں۔ اپنے اوپر عائد بدعنوانی کے الزامات پر وہ لگاتار محکمہ اطلاعات اور یوپی پولیس کی وِنگ ایس ٹی ایف پر حملے کر رہے ہیں۔ اس درمیان این ڈی اے میں شامل ایک دیگر پارٹی ’نشاد پارٹی‘ کے سربراہ اور کابینہ وزیر سنجے نشاد نے آشیش پٹیل کی حمایت میں آواز بلند کر دی ہے۔ سنجے نشاد نے 3 جنوری کو یہ بیان دے کر سیاسی ماحول گرم کر دیا ہے کہ ’بی جے پی نہیں سنبھلی تو بھگتے گی‘۔
اعظم گڑھ واقع کوٹواں سرکٹ ہاؤس میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سنجے نشاد نے مذکورہ بیان دیا۔ آشیش پٹیل کی حمایت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’’کچھ افسران شبیہ خراب کرنے کے لیے وزیر (آشیش پٹیل) کو پریشان کر رہے ہیں۔ بی جے پی نہ ہمیں سیٹ دے رہی ہے اور نہ ہی انتخابی نشان۔ یہی وجہ رہی کہ اسے لوک سبھا انتخاب میں شکست ملی۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ بی جے پی نہیں سنبھلی تو 2027 کے اسمبلی انتخاب میں خمیازہ بھگتنا ہوگا۔
فشری ڈپارٹمنٹ کے کابینہ وزیر ڈاکٹر سنجے نشاد کا کہنا ہے کہ سَنت کبیر نگر ضلع میں پروین نشاد کی شکست میں بی جے پی والوں کا ہاتھ رہا ہے۔ ساتھ ہی دعویٰ کیا کہ نشاد پارٹی جس کے ساتھ رہتی ہے، مضبوطی کے ساتھ کھڑی رہتی ہے۔ جب سماجوادی پارٹی نے دروازہ بند کر دیا تب بی جے پی کے ساتھ آئے، لیکن بی جے پی میں سب کچھ درست نہیں چل رہا ہے۔ حالانکہ انھوں نے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی تعریف کی۔ انھوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ اچھے ہیں، ہمارے راہ نما ہیں، لیکن کچھ افسران ایسے ہیں جو لگاتار ایسا کام کر رہے ہیں جس سے ووٹر ناراض ہو جائیں، عوام ناراض ہو جائے۔ یہ افسران حکومت کی شبیہ خراب کر رہے ہیں اور اپوزیشن کو فائدہ پہنچانے کا کام کر رہے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔