[]
نئی دہلی: جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کے رام ناتھ ٹھاکر نے آج راجیہ سبھا میں مطالبہ کیا کہ حال ہی میں ختم ہوئے اسمبلی انتخابات کے دوران چھتیس گڑھ میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی ) کی طرف سے کئے گئے انتخابی وعدے کے مطابق پورے ملک میں 500 روپے میں گیس سلنڈر فراہم کئے جائیں۔
ایوان میں وقفہ صفر کے دوران یہ مطالبہ کرتے ہوئے مسٹر ٹھاکر نے کہا کہ چھتیس گڑھ میں بی جے پی کے وعدے کے مطابق پورے ملک میں ایل پی جی سلنڈر کی ایک قیمت ہونی چاہیے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ حکومت 600 سے 700 روپے فی سلنڈر کا منافع کما رہی ہے اور پردھان منتری اجولا یوجنا کے استفادہ کنندگان کو بھی 600 روپے سے زیادہ کا ایل پی جی سلنڈر مل رہا ہے۔
ملک کے چار میٹرو شہروں میں عام لوگوں اور اجولا اسکیم سے استفادہ کرنے والوں کے لیے ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں کے عدم توازن کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر جگہ اجولا اسکیم کے استفادہ کنندگان کو بھی 600 روپے میں سلنڈر نہیں مل رہا ہے۔ اس کے پیش نظر انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس کی قیمت میں یکسانیت لائی جائے اور اسے 500 روپے فی سلنڈر تک کیا جائے۔