تلنگانہ کی نئی حکومت میں چیف سکریٹری اور ڈی جی پی کی تبدیلی کی قیاس آرائیاں

[]

حیدرآباد: تلنگانہ کی نئی کانگریس حکومت میں ریاست کے دو اہم عہدیداروں چیف سکریٹری اور ڈی جی پی کی تبدیلی کی قیاس آرائیاں زوروں پر ہے۔

اگرحکومت ان کو تبدیل کرتی ہے تو ان کی جگہ کون لیں گے اس پر تجسس دیکھاجارہا ہے۔اس تلگو ریاست میں جس کی تشکیل 2014میں متحدہ آندھراپردیش کی تقسیم کے ذریعہ ہوئی تھی میں تقریبا 9سال بعد کانگریس حکومت کی واپسی کے ساتھ ہی جلد ہی بڑے پیمانہ پر آئی اے ایس اور آئی پی ایس عہدیداروں کے تبادلوں کی اطلاعات سامنے آرہی ہیں۔

ریونت ریڈی کے وزیراعلی کے طورپر حلف لینے کے ساتھ ان کے پرنسپال سکریٹری کے طورپرسینئر آئی اے ایس شیشادری کو مقررکیاگیا ہے۔موجودہ طورپر ریاست کو چلانے میں اہم کردار اداکرنے والے دو اہم عہدیداروں چیف سکریٹری اورڈی جی پی کے عہدوں کے خواہشمند عہدیداروں کی جانب سے اس عہدہ کو حاصل کرنے کیلئے بڑے پیمانہ پرمہم کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔چیف سکریٹری شانتی کماری، سابق وزیراعلی کے چندرشیکھرراوکے دور میں اس عہدہ پرفائز کی گئی تھیں جبکہ ڈی جی پی کے طورپر روی گپتا کوالیکشن کمیشن نے مقرر کیا ہے۔

اب ان دونوں عہدیداروں کو تبدیل کرنے کی اطلاعات مل رہی ہیں۔ریاستی کیڈرمیں اس سطح کے سینئرآئی اے ایس عہدیداروں میں وسودھامشرا،ششانک گوئل، سنیل شرما، راماکرشنارا اوراروند کمار ہیں۔ وسودھامشرا، اشوک کمارمرکزی حکومت کے تحت ہیں۔ سنیل شرما محکمہ توانائی میں اسپیشل چیف سکریٹری کے طورپرخدمات انجام دے رہے ہیں۔راما کرشناراومحکمہ فائنانس، اروند کمار بلدی نظم ونسق میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔

ان سب میں راما کرشنا اور اروند کمار کا نام چیف سکریٹری کی دوڑ میں آگے سمجھاجارہا ہے۔اس صورتحال میں ریاست کا نیا چیف سکریٹری کون ہوگااس پر تجسس پایاجاتا ہے۔چیف سکریٹری کے بشمول ڈی جی پی کی بھی تبدیلی کی اطلاعات ہیں۔روی گپتا فی الحال ریاست میں پولیس کے سربراہ ہیں۔

الیکشن کمیشن نے اس عہدہ پر فائز انجنی کمار کو معطل کردیا ہے جس کے بعد کمیشن نے روی گپتا کو ان کی جگہ مقررکردیا۔ان کی خدمات جاری رکھی جائیں گی یا پھر راجیورتن،سی وی آنند اور جیتندرجیسے آئی پی ایس عہدیداروں کے نام پر غورکیاجاتا ہے دیکھنا ہوگا۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *