[]
حیدرآباد: تلنگانہ کی کانگریس لیڈرجی اندوپریہ کے مکان کی پولیس نے تلاشی لی۔تفصیلات کے مطابق کاماریڈی بلدیہ کی نائب صدرنشین اندوپریہ کے مکان پر کل شام اچانک پولیس پہنچی اور گھر میں بڑے پیمانہ پر رقم ہونے کے الزام پر تلاشی لی۔
پولیس کے ان کے مکان پہنچنے اور تلاشی لینے کی اطلاع پر بڑے پیمانہ پر مقامی کانگریسی لیڈران اورکارکن بڑی تعداد میں جمع ہوگئے جنہوں نے پولیس کے رویہ کی مذمت کی۔
اس واقعہ کے نتیجہ میں علاقہ میں کچھ دیر کے لئے کشیدگی پھیل گئی۔کانگریس کے لیڈروں اور کارکنوں نے پولیس سے پوچھا کہ کس کی شکایت کی بنیاد پر یہ تلاشی لی جارہی ہے۔
اندوپریہ نے برہمی ظاہر کرتے ہوئے پولیس سے پوچھا کہ تلاشی کے موقع پر لیڈی کانسٹیبل کہاں ہیں؟تلاشی میں پولیس کو ناکامی کاسامنا کرناپڑاکیوں کہ مکان سے رقم برآمد نہیں ہوئی۔
اس واقعہ پر ڈسٹرکٹ کانگریس کمیٹی کے صدر سرینواس راؤ نے ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کانگریس لیڈروں کے گھروں پر چھاپے ماررہی ہے۔
سرینواس راؤ نے الزام لگایا کہ بی آر ایس لیڈران اس طرح کے حملوں کا سہارا لے رہے ہیں کیونکہ حلقہ کاماریڈی میں ریونت ریڈی کو ملنے والی عوامی حمایت کو دیکھ کر برداشت نہیں کرسکتے ہیں۔ ریونت ریڈی کاماریڈی میں وزیراعلی کے چندرشیکھرراو کے خلاف مقابلہ کر رہے ہیں۔