[]
بھوپال: مدھیہ پردیش میں جمعہ کی شام 5 بجے تک 71.16 فیصد رائے دہی درج کی گئی جہاں 230 اسمبلی حلقوں کے لئے پولنگ ہوئی۔ نکسل متاثرہ علاقوں میں پولنگ 3 بجے دن ختم ہوگئی جبکہ دیگر علاقوں میں شام 6 بجے تک جاری رہی۔
تمام 230 حلقوں میں پولنگ کا آغاز صبح 7 بجے ہوا تھا۔ بالاگھاٹ ضلع کے بیہر اسمبلی حلقہ میں 80.38 فیصد‘ لانجی میں 75.07 فیصد اور پارس واڑہ میں 81.56 فیصد ووٹنگ ریکارڈ کی گئی۔
بی جے پی کے چیف منسٹر شیوراج سنگھ چوہان اور ان کے پیشرو ریاستی کانگریس صدر کمل ناتھ سمیت 2533 امیدوار میدان میں تھے۔ یو این آئی کے بموجب مدھیہ پردیش کے بالاگھاٹ‘ منڈلا اور ڈنڈوری اضلاع کے نکسل متاثرہ پولنگ بوتھ علاقوں میں آج سہ پہر3بجے ووٹنگ ختم ہوگئی۔
ووٹنگ کم از کم 50 فیصد رہنے کی امید ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق نکسلائٹس سے متاثرہ بالاگھاٹ ضلع کے بیہر‘ لانجی اور پارس واڑہ اسمبلی حلقوں کے تمام پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹنگ 3 بجے ختم ہوگئی۔
اسی طرح نکسلی اثرکی وجہ سے منڈلا ضلع کے بیچھیا اسمبلی حلقہ کے 47 اور منڈلا اسمبلی حلقہ کے 8 پولنگ اسٹیشنوں اور ڈنڈوری ضلع کے ڈنڈوری اسمبلی حلقہ کے تحت آنے والے 40 پولنگ اسٹیشنوں پر بھی 3 بجے ووٹنگ ختم ہوگئی۔ ان علاقوں میں ووٹنگ فیصد کے حوالہ سے ڈاٹا آنا باقی ہے لیکن اوسطاً 50 فیصد سے زیادہ ووٹنگ کی اطلاعات ہیں۔