ایران اور چین اپنے اپنے علاقائی بلاکس کے مرکزی ستون ہیں، قالیباف

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر اور چین سے متعلق امور کے لیے ایران کے خصوصی نمائندے محمد باقر قالیباف نے تہران میں ایرانی ایوان تجارت کے ارکان سے ملاقات کے دوران کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ جنگی محاذ سنبھالنے والوں کے بعد معاشی میدان میں بھی پوری قوت سے کام کیا جائے اور عوام کو اقتصادی دباؤ سے نجات دلائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ عوام کو پرسکون، خوشحال اور باوقار زندگی فراہم کرے، ملک کی تعمیر کرے اور ہر شعبے میں ترقی کے لیے بھرپور اقدامات کرے۔

محمد باقر قالیباف نے چین کے ساتھ تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ چین ایران کے لیے منفرد اہمیت رکھتا ہے۔ ان کے بقول چین کو یہ یقین ہونا چاہیے، اور ہوگا، کہ ایران صرف اس کا خریدار یا تجارتی شراکت دار نہیں بلکہ ہر معنی میں اس کا حقیقی شراکت دار ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران اور چین کے درمیان تعلقات کو مزید وسعت دینا ناگزیر ہے، کیونکہ اس سے عوام کے معاشی مسائل کے حل میں مدد مل سکتی ہے۔

ایرانی اسپیکر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ایران اور چین اپنے اپنے علاقائی بلاکس میں مرکزی حیثیت رکھتے ہیں اور ان دونوں ممالک کی یہ اہمیت ناقابل تردید ہے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *