
حیدرآباد: میاں پور علاقے میں جمعہ کے روز ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک خاتون نے اپنی 6 ماہ کی شیرخوار بیٹی کے ساتھ چھ منزلہ عمارت سے چھلانگ لگا کر خودکشی کر لی۔ اس حادثے میں خاتون کی موت ہوگئی جبکہ بچی
سولر فینسنگ پر گرنے کے باعث معمولی زخمی ہوئی اور خوش قسمتی سے اس کی جان بچ گئی۔میاں پور انسپکٹر پی۔ شیوا پرساد کے مطابق مدھیہ پردیش سے تعلق رکھنے والے بھوپیندر ساہو اور ان کی اہلیہ ایشا ساہو (37) گزشتہ
دس برس سے مایوری نگر میں واقع ایک اپارٹمنٹ میں مقیم تھے۔ دونوں خانگی ملازمت کرتے تھے۔ ان کی دو بیٹیاں ہیں جن میں ایک کی عمر 8 سال اور دوسری کی عمر 6 ماہ ہے۔پولیس کے مطابق جمعہ کی شام ایشا ساہو نے اپنے شوہر
سے سپر مارکیٹ جا کر گھریلو سامان لانے کو کہا جس پر وہ گھر سے نکل گئے۔ کچھ ہی دیر بعد ایشا اپنی چھوٹی بیٹی کو ساتھ لے کر اپارٹمنٹ کی چھٹی منزل پر گئی اور وہاں سے نیچے چھلانگ لگا دی۔ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے
کہ ایشا ساہو گزشتہ کچھ عرصے سے ذہنی دباؤ کا شکار تھیں۔ تاہم خودکشی کی اصل وجوہات کا ابھی پتہ نہیں چل سکا ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
