
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی مذاکراتی وفد کے سربراہ محمدباقر قالیباف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کیے گئے وعدوں اور عہد وپیمان پر کسی بھی قسم کے عذر، بہانے یا شرط کے بغیر عمل کرنا ہوگا۔
محمدباقر قالیباف نے سوشل میڈیا پر انگریزی زبان میں جاری اپنے پیغام میں لکھا کہ جن باتوں پر اتفاق ہوا ہے، ان پر بغیر کسی شرط اور بہانے کے عمل ہونا چاہیے۔ آئندہ متوقع معاہدے تک پہنچنے کا اس کے سوا کوئی راستہ نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آخرکار ہر شخص وہی حاصل کرتا ہے جو وہ خود بوتا ہے، اس لیے تمام فریقوں کو اپنی ذمہ داریوں کا ادراک کرتے ہوئے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔
قالیباف کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکہ کے درمیان ممکنہ معاہدے اور مذاکراتی پیش رفت کے حوالے سے مختلف قیاس آرائیاں اور سفارتی سرگرمیاں جاری ہیں۔ ان کے بیان کو واشنگٹن کے لیے ایک واضح پیغام قرار دیا جا رہا ہے کہ معاہدے کی کامیابی کے لیے طے شدہ وعدوں کی مکمل پاسداری ضروری ہے۔
