یو اے ای میں پاسپورٹ اور ویزا خدمات یکم جولائی سے ’الہند ٹورز‘ کے سپرد

 

ابوظہبی: متحدہ عرب امارات میں بھارتی شہریوں کو فراہم کی جانے والی پاسپورٹ، ویزا اور دیگر قونصلر خدمات یکم جولائی 2026 سے الہند ٹورز اینڈ ٹریولز ایل ایل سی کے ذریعہ انجام دی جائیں گی۔ بھارتی سفارت خانہ نے سوشل میڈیا کے ذریعے اس کا باضابطہ اعلان کیا ہے۔

 

سفارت خانہ کے مطابق خدمات کے اوقات، درخواست کے طریقۂ کار اور دیگر تفصیلات جلد جاری کی جائیں گی۔ اس تبدیلی سے یو اے ای میں مقیم 35 لاکھ سے زائد بھارتی تارکین وطن مستفید ہوں گے۔

 

موجودہ سروس فراہم کنندگان بی ایل ایس انٹرنیشنل اور ایس جی آئی وی ایس گلوبل 30 جون 2026 تک اپنی خدمات جاری رکھیں گے۔ زیر التواء درخواستوں کی تکمیل بھی اسی مدت تک موجودہ مراکز کے ذریعے کی جائے گی۔

 

اطلاعات کے مطابق الہند یو اے ای کی ساتوں ریاستوں میں 16 نئے سروس مراکز قائم کرے گا، جن میں سب سے بڑا مرکز بر دبئی میں ہوگا۔ تقریباً 12 ہزار مربع فٹ رقبے پر مشتمل اس مرکز میں 45 سے زائد سروس کاؤنٹرز ہوں گے۔

 

الہند نے اعلان کیا ہے کہ سرکاری فیس کے علاوہ صرف 19 درہم سروس چارج وصول کیا جائے گا۔ بہتر خدمات کی فراہمی کے لیے کمپنی نے 400 سے زائد ملازمین بھی بھرتی کیے ہیں۔

 

بھارتی سفارت خانہ نے واضح کیا کہ نئی کمپنی کا انتخاب باقاعدہ ٹینڈر عمل کے ذریعے کیا گیا، جس میں الہند نے سب سے کم مالی بولی پیش کی تھی۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *