[]
افغانستان نے جنوبی افریقہ کے سامنے جیت کے لیے 245 رنوں کا ہدف رکھا تھا، لیکن اس کو حاصل کرنے کے لیے بھی افریقی ٹیم کو 47.3 اوورس کھیلنے پڑے اور 5 وکٹ بھی گر گئے۔
افغانستان نے عالمی کپ میں ایک بار پھر اپنی مخالف ٹیم کو زبردست ٹکر دی، حالانکہ اسے 5 وکٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ آج مقابلہ افغانستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تھا جہاں افغانی کپتان حشمت اللہ شاہدی نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ افغانی ٹیم کا اسکور کارڈ دیکھیں تو عظمت اللہ عمرزئی کو چھوڑ کر کوئی بھی بلے باز اچھی کارکردگی پیش نہیں کر سکا۔ عظمت اللہ نے 107 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 97 رن بنائے اور یہی وجہ ہے کہ ٹیم 244 رنوں کے ایسے اسکور تک پہنچ سکی جہاں مقابلہ کیا جا سکتا تھا۔ رحمت شاہ اور نور احمد نے 26-26 رنوں کا تعاون پیش کیا، جبکہ رحمن اللہ گرباز نے 25 رن بنائے۔ 50 اوورس میں بڑی مشکل سے افغانستان کی ٹیم 10 وکٹ کے نقصان پر 244 رن بنانے میں کامیاب ہو سکی۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے گیرالڈ کویٹزی نے انتہائی خطرناک گیندبازی کی اور افغانی بلے بازوں کو میدان پر ٹھہر کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا۔ انھوں نے 10 اوورس میں 44 رن دے کر 4 اہم کھلاڑیوں (ابراہیم زادران، اکرام علی خیل، نور احمد اور مجیب الرحمن) کو پویلین بھیجا۔ کیشو مہاراج نے رحمن اللہ گرباز اور حشمت اللہ شاہدی کو آؤٹ کر بنگلہ دیش کو سنبھلنے کا موقع نہیں دیا۔ انھوں نے تو 10 اوورس میں محض 25 رن دیے۔ 2 وکٹ لنگی اینگیڈی کو بھی ملے، لیکن انھوں نے 8.3 اوورس میں 69 رن خرچ کر دیے۔ 7 اوورس میں 36 رن دے کر اینڈیلے پھلکوایو نے ایک وکٹ حاصل کیا۔
چونکہ جنوبی افریقہ کو ابھی تک رنوں کا پیچھا کرنے میں پریشانی ہوتی رہی ہے، اس لیے لوگ ایک سخت مقابلے کی امید کر رہے تھے اور افغانی گیندبازوں نے مایوس بھی نہیں کیا۔ سلامی بلے بازوں کوئنٹن ڈیکوک (41 رن) اور تیندا بووما (23 رن) کو 66 رن کے مجموعی اسکور پر پویلین بھیج کر جنوبی افریقہ کو بیک فٹ پر بھیجنے کی بہترین کوشش ہوئی۔ پھر جب ٹیم کا اسکور 182 رن پہنچا تو ایڈن مارکرم (25 رن)، ہنرک کلاسین (10 رن) اور ڈیوڈ ملر (24 رن) بھی آؤٹ ہو چکے تھے۔ یعنی افغانستان کچھ بھی چمتکار دکھا سکتی تھی۔ لیکن ایک طرف راسی وَنڈرڈوسین پہاڑ کی طرح کھڑے تھے اور پھر آخر میں اینڈیلے پھلکوایو نے ان کا اچھا ساتھ دیا۔ دونوں نے مزید کوئی وکٹ نہیں گرنے دیا اور چھٹے وکٹ کے لیے 65 رنوں کی شراکت داری کی۔ ڈوسین نے 95 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 76 رن بنائے، جبکہ پھلکوایو نے 37 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 39 رنوں کا تعاون دیا۔ جنوبی افریقہ نے جیت کے لیے ضروری ہدف 47.3 اوورس میں حاصل کر لیا۔
افغانستان کی جانب سے راشد خان نے 10 اوورس میں 37 رن دے کر اور محمد نبی نے 10 اوورس میں 35 رن دے کر 2-2 وکٹ لیے۔ ایک وکٹ مجیب الرحمن کے حصے میں آیا جنھوں نے 10 اوورس میں 51 رن دیے۔ تیز گیندباز نوین الحق مہنگے ثابت ہوئے جنھوں نے 6.3 اوورس میں 52 رن خرچ کیے اور انھیں کوئی وکٹ بھی نہیں ملا۔ نور احمد، عظمت اللہ عمرزئی اور رحمت شاہ بھی وکٹ سے محروم رہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
;