اسرائیلی حملے جاری، جنوبی لبنان میں روٹی لے جانے والی گاڑی بھی نشانہ بن گئی

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، صہیونی رژیم نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جنوبی لبنان کے مختلف علاقوں پر شدید فضائی اور ڈرون حملے جاری رکھے ہوئے ہیں۔

اسرائیلی جنگی طیاروں نے آج پیر کے روز جنوبی لبنان کے متعدد دیہات کو نشانہ بنایا۔ اسرائیلی طیاروں نے کفرجور قصبے پر حملہ کیا جبکہ صہیونی فوج کے توپخانے نے کفرتبنیت اور جنوبی لبنان کے علاقے نبطیہ میں الطاہر پہاڑی پر گولہ باری کی۔

اسی دوران جنوبی لبنان کے قصبے زبدین میں ایک گاڑی اسرائیلی ڈرون حملے کا نشانہ بنی جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے۔

لبنانی مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی ڈرون نے زبدین میں ایک ایسی گاڑی کو نشانہ بنایا جو جنوبی لبنان کے عوام کے لیے روٹی لے جا رہی تھی، اس حملے میں دو افراد زخمی ہوئے۔

جنوبی لبنان کے ضلع نبطیہ کے گاؤں عبا پر اسرائیلی فضائی حملے میں دو افراد شہید اور پانچ زخمی ہو گئے۔

صہیونی فضائیہ نے آج صبح اسلامی ہیلتھ فاؤنڈیشن سے وابستہ سول ڈیفنس کے امدادی کارکنوں کو بھی نبطیہ کے قصبے تول میں نشانہ بنایا۔ اس حملے میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف دو ریسکیو اہلکار زخمی ہو گئے۔

اسرائیلی جنگی طیاروں نے آج صبح ایک گھنٹے سے بھی کم وقت میں دو مرتبہ کفر رمان قصبے پر حملہ کیا۔

اس کے علاوہ صہیونی رژیم نے یحمر الشقیف، میفدون کے اطراف، کفرتبنیت اور النبطیہ الفوقا کے علاقوں پر بھی بمباری کی۔

اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے دیہات شوکین اور قلاویہ کو بھی نشانہ بنایا۔

ایک اسرائیلی ڈرون نے جنوبی لبنان کے گاؤں حاریص پر حملہ کیا جبکہ تول اور عبا کے علاقے بھی صہیونی حملوں کی زد میں رہے۔

دوسری جانب لبنان کے وزیر اطلاعات پل مرقص نے اعلان کیا ہے کہ 17 اپریل سے 8 مئی تک، صرف تین ہفتوں کے دوران، اسرائیلی رژیم کی جانب سے جنگ بندی کی 1700 سے زائد خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ان خلاف ورزیوں میں 818 فضائی حملے، 641 توپخانے کے حملے، 270 دھماکہ خیز کارروائیاں اور 15 فاسفورس راکٹ حملے شامل ہیں۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *