دہلی واقع تغلق آباد کے کثیر منزلہ عمارت میں لگی خوفناک آگ، 3 افراد جاں بحق، نصف درجن زخمی

ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ اور ای-اسکوٹر کی چارجنگ معلوم ہوتی ہے، لیکن اصل وجوہات کا پتہ تفصیلی فارنسک اور قانونی تحقیقات کے بعد ہی چل سکے گا۔

<div class="paragraphs"><p>علامتی تصویر، آئی اے این ایس</p></div><div class="paragraphs"><p>علامتی تصویر، آئی اے این ایس</p></div>

i

user
google_preferred_badge

رہائشی علاقوں کے اندر بے ترتیب پارکنگ اور بجلی کے شارٹ سرکٹ سے ہونے والے حادثات رکنے کا نام نہیں لے رہے ہیں۔ راجدھانی کے حوض رانی اور حوض خاص جیسے گنجان علاقوں میں ماضی میں پیش آنے والے ہولناک آتش زدگی کے واقعات کی یادیں ابھی دھندلی بھی نہیں پڑی تھیں کہ گزشتہ شب جنوب مشرقی دہلی کے گووند پوری علاقے میں ایسا ہی ایک اور دردناک حادثہ پیش آیا۔ تغلق آباد ایکسٹینشن کی ایک کثیر منزلہ عمارت میں خوفناک آگ لگنے سے ایک ہی خاندان کے 3 افراد دم گھٹنے اور جھلسنے کے باعث ہلاک ہو گئے۔ مرنے والوں کی شناخت 28 سالہ پنکج، ان کی والدہ گڈی اور بہن سونی کے طور پر ہوئی ہے۔ پنکج کی نانی اور ایک بہن مونی کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔ اس حادثہ میں نصف درجن افراد زخمی ہوئے ہیں۔

پولیس کے مطابق جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب تقریباً 2:25 بجے گووند پوری تھانہ کو تغلق آباد ایکسٹینشن کی ایک 5 منزلہ رہائشی عمارت میں آگ لگنے کی پی سی آر کال موصول ہوئی۔ چونکہ یہ علاقہ انتہائی تنگ ہے، اس لیے اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس کے ساتھ ایس ایچ او، اے سی پی اور جنوب مشرقی ضلع کے ڈی سی پی بھی فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے۔ تنگ گلیوں کی وجہ سے ریسکیو آپریشن میں کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا، لیکن دہلی فائر سروس کی چار گاڑیاں اور کیٹس ایمبولینس موقع پر پہنچ گئیں اور فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔

ابتدائی تحقیقات میں جو بات سامنے آئی ہے، وہ نہایت حیران کر دینے والی اور سبق آموز ہے۔ گراؤنڈ فلور پر بجلی کے شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ بھڑکی تھی۔ وہیں ایک الیکٹرک اسکوٹر چارجنگ پر لگا ہوا تھا۔ شارٹ سرکٹ کے بعد آگ نے فوراً شدت اختیار کر لی اور وہاں کھڑی ای-اسکوٹر سمیت مجموعی طور پر 7 دو پہیہ گاڑیوں کو اپنی زد میں لے لیا۔ گاڑیوں کے فیول ٹینک پھٹنے اور پلاسٹک جلنے کے باعث پوری عمارت میں لمحہ بھر میں دم گھونٹنے والا سیاہ دھواں بھر گیا، جس کے نتیجے میں اوپری منزلوں پر سو رہے لوگوں کو سنبھلنے کا موقع ہی نہیں ملا۔ پولیس اور فائر بریگیڈ کی ٹیم نے دانشمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے شدید دھویں میں پھنسے 8 افراد کو بحفاظت باہر نکالا اور فوری طور پر صفدرجنگ اسپتال اور ایمس ٹراما سینٹر میں داخل کرا دیا۔ تاہم ڈاکٹروں نے 3 افراد کو مردہ قرار دے دیا۔ پولیس کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ اور ای-اسکوٹر کی چارجنگ معلوم ہوتی ہے، لیکن اصل وجوہات کا پتہ تفصیلی فارنسک اور قانونی تحقیقات کے بعد ہی چل سکے گا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے مزید کارروائی شروع کر دی ہے۔

Follow us: WhatsAppFacebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔




[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *