پی ایم مودی نے کہا کہ ایک سال بعد بھی ہندوستان دہشت گردی کو شکست دینے اور اسے فروغ دینے والے ایکو سسٹم کو ختم کرنے کے اپنے عزم پر پہلے کی طرح اٹل ہے۔


i
پہلگام میں دہشت گردانہ حملہ کے جواب میں ہندوستانی فوج کی جانب سے چلائے گئے ’آپریشن سندور‘ کو آج ایک سال مکمل ہو گئے ہیں۔ اس موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی نے سوشل میڈیا پر اپنی پروفائل اپڈیٹ کرتے ہوئے ’آپریشن سندور‘ کی تصویر لگائی ہے۔ ساتھ ہی وزیر اعظم نے کہا ہے کہ ایک سال بعد بھی ہندوستان دہشت گردی کو شکست دینے اور اسے فروغ دینے والے سسٹم کو ختم کرنے کے اپنے عزم پر پہلے کی طرح قائم ہے۔
پاکستان اور پاکستان مقبوضہ کشمیر (پی او کے) میں دہشت گردوں اور دہشت گردی کے ڈھانچے کے خلاف فوجی کارروائی کے ایک سال مکمل ہونے پر وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ اس آپریشن نے دہشت گردی کے خلاف ہندوستان کے سخت ردعمل اور قومی سلامتی کے تحفظ کے تئیں اس کے غیر متزلزل عزم کو ظاہر کیا۔
پی ایم مودی کا کہنا ہے کہ ایک سال بعد بھی ہندوستان دہشت گردی کو شکست دینے اور اسے فروغ دینے والے ایکو سسٹم کو ختم کرنے کے اپنے عزم پر پہلے کی طرح اٹل ہے۔ ایک سال قبل ہندوستانی مسلح افواج نے ’آپریشن سندور‘ کے دوران بے مثال جرأت، مستعدی اور مضبوط عزم کا مظاہرہ کیا تھا۔ افواج نے ان لوگوں کو منہ توڑ جواب دیا جنہوں نے پہلگام میں بے قصور ہندوستانی شہریوں پر حملہ کرنے کی جرأت کی تھی، اور پورا ملک ہندوستانی افواج کی بہادری کو سلام کرتا ہے۔
’آپریشن سندور‘ کے تعلق سے پی ایم مودی نے کہا کہ ’’آپریشن سندور نے دہشت گردی کے خلاف ہندوستان کے سخت ردعمل اور قومی سلامتی کے تحفظ کے تئیں غیر متزلزل عزم کو ظاہر کیا۔ اس آپریشن نے ہماری مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیت، تیاری اور مربوط طاقت کو بھی اجاگر کیا۔‘‘ وہ مزید لکھتے ہیں کہ ’’اس (آپریشن سندور) نے ہندوستان کی سیکورٹی فورسز کے درمیان بڑھتی ہوئی یکجہتی کو بھی ظاہر کیا اور اس طاقت کو نمایاں کیا جو دفاع کے شعبہ میں خود انحصاری کی کوشش نے ملک کی قومی سلامتی کو فراہم کی ہے۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ پہلگام دہشت گردانہ حملے کے چند دن بعد تینوں دفاعی افواج نے بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کے ساتھ مل کر مغربی سرحد پر ’آپریشن سندور‘ چلایا تھا۔ اس آپریشن کے ذریعہ گزشتہ سال 7 سے 10 مئی کے درمیان پاکستان اور پاکستان مقبوضہ کشمیر میں دہشت گرد اور فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ یہ آپریشن 22 اپریل 2025 کو پہلگام میں ہوئے دہشت گردانہ حملہ کے جواب میں انجام دیا گیا تھا، جس میں 26 افراد مارے گئے تھے۔ مہلوکین میں بیشتر سیاح تھے۔

