
آسام انتخابات: مجلس اور اے آئی یو ڈی ایف میں اتحاد کا امکان – بیرسٹر اویسی 2 اور 3 اپریل کو مہم میں شریک ہوں گے
آسام میں آئندہ اسمبلی انتخابات کے پیش نظر سیاسی سرگرمیاں عروج پر پہنچ گئی ہیں، جہاں کل ہند مجلس اتحاد المسلمین اور آل انڈیا یونائیٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ کے درمیان انتخابی تال میل کی اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ذرائع کے مطابق مجلس نے اے آئی یو ڈی ایف اور اس کے سربراہ مولانا بدرالدین اجمل کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت پارٹی سربراہ انتخابی مہم میں سرگرم کردار ادا کریں گے۔
اس سلسلے میں مولانا بدرالدین اجمل کے بیٹے اور سابق رکن اسمبلی عبدالرحمن اجمل نے مجلس کے سربراہ بیرسٹر اسد الدین اویسی سے ان کی رہائش گاہ پر اہم ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں دونوں جماعتوں کے درمیان انتخابی حکمت عملی اور باہمی تعاون پر تفصیلی گفتگو ہوئی، جبکہ بعد ازاں دونوں قائدین کے درمیان ٹیلی فون پر بھی رابطہ ہوا۔
مولانا بدرالدین اجمل نے اعلان کیا ہے کہ مجلس کے سربراہ 2 اور 3 اپریل کو آسام کا دورہ کریں گے، جہاں وہ انتخابی مہم میں حصہ لیں گے۔ انہوں نے اس دورے کو پارٹی کے لیے اہم موقع قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف سیاسی سرگرمیوں میں تیزی آئے گی بلکہ تنظیمی سطح پر بھی جماعت کو مضبوطی حاصل ہوگی۔
