
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جنرل علی عبدالهی نے کہا ہے کہ ایرانی مسلح افواج ملک کی سلامتی، آزادی اور علاقائی سالمیت کے خلاف کسی بھی خطرے کا مؤثر، سخت اور پشیمان کن جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
اپنے پیغام میں انہوں نے ایران کی مسلح افواج کے شہداء، بالخصوص جنرل محمد باقری، جنرل غلامعلی رشید، جنرل علی شادمانی، جنرل حسین سلامی اور جنرل امیرعلی حاجیزاده کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیوں نے ایران کی عزت، مزاحمت اور قومی استقامت کی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کیا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ جنگ نے ثابت کر دیا کہ ایرانی قوم اتحاد، استقامت، رہبر معظم کی پیروی اور مسلح افواج کی صلاحیتوں کے بل پر اپنی خودمختاری، سلامتی اور قومی مفادات کا دفاع کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے، جبکہ دشمن اپنے مقاصد کے حصول میں ناکام رہا۔
پیغام میں مزید کہا گیا کہ عوام کی مسلسل حمایت، قومی یکجہتی اور مزاحمتی محاذ سے وابستگی نے ملک کی دفاعی طاقت اور ڈیٹرنس صلاحیت کو مزید مضبوط کیا ہے۔
جنرل علی عبدالهی نے زور دے کر کہا کہ ایرانی مسلح افواج مکمل آمادگی، ہوشیاری اور انٹیلی جنس برتری کے ساتھ شہداء کے راستے کو جاری رکھتے ہوئے ملک کی آزادی، مزاحمت اور سربلندی کے پرچم کو بلند رکھیں گی۔
