[]
نئی دہلی: دہلی کے چیف منسٹر اروند کجریوال نے الزام لگایا کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے بی جے پی کے کہنے پر انہیں سمن جاری کیا ہے۔ کجریوال نے آج ای ڈی کو خط لکھ کر کہا کہ بی جے پی کے کہنے پریہ نوٹس بھیجا گیا ہے تاکہ وہ چار ریاستوں میں ہونے والے انتخابی ممہم نہ چلا سکیں۔ انہوں نے سمن واپس لینے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا، ’’یہ واضح نہیں ہے کہ آپ نے مجھے کس وجہ سے سمن بھیجا ہے، ایک گواہ کے طورپر یا یا مشتبہ شخص کے طور پر۔ سمن کی تفصیل نہیں بتائی گئی۔ یہ بھی نہیں بتایا گیا کہ انہیں ذاتی طور پر بلایا گیا ہے یا وزیر اعلی کے طور پر یا عام آدمی پارٹی کے سربراہ کے طور پر۔
کجریوال نے کہا، “30 اکتوبر کی دوپہر کو بی جے پی لیڈروں نے کہنا شروع کر دیا تھا کہ مجھے جلد ہی بلایا جائے گا اور گرفتار کیا جائے گا۔ مجھے اسی دن شام کو سمن موصول ہوا۔ اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ میری شبیہ خراب کرنے کے لیے بی جے پی لیڈروں کو سمن پہلے لیک کردیاگیا تھا۔
انہوں نے کہا، ’’ملک کی پانچ ریاستوں یعنی میزورم، مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ، راجستھان اور تلنگانہ میں جلد ہی انتخابات ہونے والے ہیں۔ عام آدمی پارٹی ہر جگہ الیکشن لڑ رہی ہے۔
پارٹی کے قومی کنوینر اور اسٹار کمپینر ہونے کی وجہ سے انہیں انتخابی مہم کے لیے سفر کرنا ہے۔ دوسری طرف میں دہلی کا موجودہ وزیر اعلیٰ ہوں۔ دیوالی کے تہوار کی وجہ سے میرے پاس سرکاری طور پر بہت زیادہ کام ہے۔ جہاں مجھے ہونا ضروری ہے۔”
قابل ذکر ہے کہ دہلی شراب پالیسی گھوٹالہ میں اے اے پی لیڈر اور سابق نائب وزیر اعلی منیش سسودیا فروری سے جیل میں ہیں۔ عام آدمی پارٹی کے راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ سنجے سنگھ کو بھی حال ہی میں ای ڈی نے گرفتار کیا تھا۔ اس کے علاوہ اس معاملے میں ای ڈی نے آج دہلی کے کابینہ وزیر راج کمار آنند کے گھر پر چھاپہ مارا ہے۔