[]
مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ سینٹ نے غزہ ہسپتال پر اسرائیلی بمباری کے خلاف قرار داد منظور کر لی جبکہ اراکین سینٹ نے اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان فلسطین کے حوالے سے دنیا کو بامعنی اقدامات اٹھانے کی درخواست کرے، عالمی ممالک دیرینہ تنازعہ کے پرامن حل کیلئے جلد از جلد اپنا فعال کردار ادا کریں۔
اس موقع پر جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر مشتاق احمد نے فلسطین کے مسئلے پر قرارداد پر پیش کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کے لوگوں کو اب اخلاقی نہیں بلکہ عسکری حمایت کی ضرورت ہے۔ پارلیمنٹیرین کو امریکہ ایمبیسی کے باہر بھرپور احتجاج کرنا چاہیے حکومت پاکستان کو فلسطین کے معاملے پر بھرپور موقف اختیار کرنا چاہیے۔پارلیمنٹرینز کا ایک وفد چیئرمین سینیٹ کی قیادت میں امریکی ایمبیسی کے سامنے جا کر اپنا احتجاج ریکارڈ کروائے۔
انہوں نے کہا کہ حماس اور فلسطین کے لوگوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں بہت ہو گئی اخلاقی اور سفارتی حمایت، عسکری حمایت کی ضرورت ہے اگر عسکری حمایت نہیں کر سکتے تو اسلحہ دے دیں۔