[]
حیدرآباد: چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے چہارشنبہ کے روز سہ روزہ ”یاگم“ کا آغاز کیا جس کا مقصد تلگو کی دونوں ریاستوں تلنگانہ اور آندھرا پردیش کی ترقی وخوشحالی کیلئے خصوصی پوجا کرنا ہے۔
کے سی آر کے فام ہاوز میں جو ایراویلی گاؤں کے قریب واقع ہے، وشاکھا پٹنم کے شاردا پیٹھم کے سوامی سواروپ نریندر ا ور سوات منندرا کی رہنمائی و نگرانی میں تین روزہ یگنم (یاگم) شروع کیا گیا۔
اس یاگم کو ”راجہ سیاملا ساہتا سبرا مینو یشورم“ سے موسوم کیا گیا ہے۔ اس یاگم کو آندھرا پردیش، تلنگانہ، ٹاملناڈو اور کرناٹک کے پجاری انجام دے رہے ہیں۔
گاؤ پوجا کے بعد چیف منسٹر کے سی آر اور ان کی اہلیہ ”یا گا شالہ“ میں داخل ہوئے۔ سوامی سوارپ نندا نریندر کے احترام کے بعد یہ یاگم شروع ہوا۔
سوامی جی نے راجہ سیاملا دیوی کی خصوصی پوجا کی یہ دیوی وشاکھا پٹنم کے شاردا پیٹھم میں ہے۔ چیف منسٹر اور ان کی اہلیہ نے یاگم کیلئے خصوصی کپڑے پجاریوں کے حوالے کئے جنہیں خصوصی پوجا کیلئے یہاں مدعو کیا گیا ہے۔
تلگوکی دونوں ریاستوں تلنگانہ اور اے پی کے عوام کی ترقی وخوشحالی کیلئے کے سی آر نے خصوصی پوجا کی جس کے بعد یاگم کا آغاز ہوا۔
سوامی نے کہا کہ سابق میں چیف منسٹر کے سی آر کی جانب سے انجام دئیے گئے یاگم کی وجہ سے دنیا بھر میں حیدرآباد شہر کا نام روشن ہوا ہے۔