
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی مسلح افواج کے جنرل اسٹاف اور خاتم الانبیا سینٹرل ڈیفنس ہیڈکوارٹر نے ایک مشترکہ بیان میں اعلان کیا ہے کہ ایران کی مسلح افواج آخری سانس اور خون کے آخری قطرے تک ملک کے مفادات اور سلامتی کے دفاع کے لیے ثابت قدم رہیں گی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ مسلح افواج مجلس خبرگان رهبری کی جانب سے آیت اللہ سید مجتبی خامنہ ای (مدظلہ العالی) کو رہبر منتخب کرنے کے بعد ان کی قیادت اور ہدایات کے تحت پہلے سے زیادہ طاقت، استقامت اور جہادی جذبے کے ساتھ اسلامی انقلاب کے تحفظ کے لیے میدان میں موجود رہیں گی۔
ایرانی مسلح افواج اس بات کا عزم رکھتی ہیں کہ اپنے عزیز رہبر کی قیادت میں اسلام اور ایران کے دشمنوں کی تمام سازشوں کے مقابلے میں ڈٹ کر کھڑی رہیں گی اور ملک کے مفادات و سلامتی کے دفاع میں آخری سانس اور خون کے آخری قطرے تک مزاحمت اور استقامت کا مظاہرہ کریں گی۔
