[]
حیدرآباد، 10 جولائی 2023 ۔KAT Academy(نالج اپٹیٹیوڈ ٹیسٹ) اکیڈیمی، حیدرآباد میں قائم ایک غیر سرکاری تنظیم جو مالی طور پر پسماندہ بچوں میں تنقیدی اور تجزیاتی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے کام کرتی ہے، اس تنظیم نے 21 طلبہ کو ہانگ کانگ کے بین الاقوامی تعلیمی سفر پر بھیج کر اپنے مشن میں ایک اہم سنگ میل حاصل کیا۔ ان غیر معمولی طلباء کا انتخاب اکیڈیمی کی جانب سے منعقدہ امتحان میں ان کی شاندار کارکردگی کی بنیاد پر کیا گیا۔ اس سفر کے تمام اخراجات تنظیم اپنے ذمہ لیتی ہے۔
کیٹ اکیڈیمی– KAT Academy ماہر تعلیم ڈاکٹر محمد انور کی کاوش ہے جسے سال 2017میں قائم کیا گیا جس کا مقصد بجٹ اور کمیونٹی اسکولوں کےطلبہ کے فروغ کے لئےانہیں مواقع اور وسائل تک رسائی فراہم کرناہے۔ اکیڈیمی کا فلیگ شپ پروگرام، ‘Dare to Dream’، ڈیر ٹو ڈریم ،ہونہار طلبہ کی شناخت کرتا ہے اور انہیں ایک ایسےغیر ملکی تعلیمی دورے کی پیشکش کرتا ہے جس کا ہدف انہیں سائنس اور ٹیکنالوجی کی تازہ ترین پیش رفت سے روشناس کرانا ہے۔ یہ اقدام طلبہ کو ان کے مستقبل میں مسابقتی امتحانات کے لیے تیار ہونے کے لیے ضروری مہارتوں سے بھی آراستہ کرتا ہے۔
بیرونی تعلیمی سفر کے انتخاب کے عمل میں انگریزی، ریاضی، سائنس اور عام معلومات پر مبنی دو مراحل پرمشتمل اپٹیٹیوڈ ٹیسٹ شامل ہیں۔ اس سال کے KAT امتحان میں سرفہرست 10 منتخب طلبہ میں سے آٹھ تلنگانہ سے ہیں، اس کے علاوہ ایک ایک طالب علم کا تعلق کرناٹک اور ہریانہ سے ہے۔ COVID-19 وباء کے نتیجے میں تحدیدات کی وجہ سے سفر سے محروم، 2019- 2020 میں منتخب طلبہ کوبھی اس سفر میں شامل کیا گیا۔ اس طرح کل ملا کر 21طلبہ کا قافلہ پانچ روزہ سفر پر حیدرآباد سے ہانگ کانگ کے لئے روانہ ہوا۔ ان میں سے تقریبا تمام طلبہ نے اب تک ہوائی سفر تو دور ائرپورٹ تک کا نظارہ نہیں کیا تھا۔ان کے لئے ہانگ کانگ کا سفر پہلا ایسا تجربہ ہوگا جس میں انہیں پہلی بار طیارے کے ذریعہ سفر کا موقع ملے گا ۔ ہانگ کانگ میں قیام کے دوران طلبہ مشہور زمانہ ہانگ کانگ خلائی مرکز، سائنس میوزیم اور ڈزنی لینڈ کا مشاہدہ کریں گے۔
طلبہ کے لئے اس ناقابل یقین سفر کے آغاز کے موقع پر 9 جولائی 2023 کو کشن باغ میں ایک رخصتی کی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ طلبہ کی حوصلہ افزآئی کے لئے حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ بیرسٹر اسد الدین اویسی نے اس تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ اس طرح کے اقدامات کی اہمیت کو سراہتے ہوئے ، اس موقع پرجناب اسد الدین اویسی نے ائرپورٹ لے جانے والی طلبہ کی بس کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا ۔ اس موقع پرکیٹ اکیڈیمی کے ڈآئرکٹر مستان صاحب، وقار خالد،خلیل الرحمان، محمد جاوید، محمد منیر، نیاز صاحب ، مسز ناگا سیتااور پرانے شہر حیدرآباد میں قائم پرآئیوٹ اسکولس کے ذمہ داران موجود تھے ۔
خوشی اور توقعات سے لبریز، طلبہ ہانگ کانگ کے تعلیمی سفر کا تجربہ کرنے کے لیے حیدرآباد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے روانہ ہوئے۔ اس عزم کے ساتھ کہ یہ سفر انہیں انمول تجربات اور جدید سائنسی پیشرفت کے بارے میں بصیرت فراہم کرے گا۔