نئے جی او سے صحافیوں کو کسی قسم کا نقصان نہیں ہوگا
— تلنگانہ میڈیا اکیڈمی چیئرمین کے۔ سرینواس ریڈی
تلنگانہ
میڈیا اکیڈمی کے چیئرمین کے۔ سرینواس ریڈی نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے حال ہی میں جاری کی گئی ایکریڈیٹیشن رہنما ہدایات سے پیشہ ور صحافیوں کو کوئی نقصان نہیں پہنچے گا۔ جمعہ کے روز جاری کردہ ایک بیان میں انہوں نے واضح کیا کہ صحافیوں کی فلاح و بہبود سے متعلق تمام اسکیمیں بغیر کسی امتیاز کے سب پر یکساں طور پر لاگو ہوں گی اور وزیر اعلیٰ اے۔ ریونت ریڈی اور اطلاعات کے وزیر پونگلیتی سرینواس ریڈی مزید بہتر اقدامات پر غور کر رہے ہیں۔
انہوں نے یاد دلایا کہ سابق حکومت کے ایکریڈیٹیشن احکامات میں اردو صحافیوں کے ساتھ کی گئی ناانصافی اور چھوٹے اخبارات کے ساتھ روا رکھا گیا امتیازی رویّہ ہائی کورٹ نے مسترد کر دیا تھا، جس کے بعد نئے جی او میں مناسب اصلاحات کی گئیں۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کچھ حلقے جان بوجھ کر غلط فہمیاں پھیلا رہے ہیں اور یہ تاثر دینے کی کوشش کر رہے ہیں کہ فلاحی اسکیمیں صرف چند صحافیوں تک محدود ہیں، جبکہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ تمام پیشہ ور صحافی اس سے مستفید ہوں گے اور ضرورت پڑنے پر وضاحت بھی فراہم کی جائے گی۔
کے۔ سرینواس ریڈی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ اور اطلاعات کے وزیر سے صحافیوں کے فلاح و بہبود سے متعلق کسی بھی مسئلے پر بات چیت کے مواقع ہمیشہ موجود رہیں گے۔ اس کے برخلاف کچھ عناصر سیاسی مقصد کے تحت احتجاج بھڑکانے کی کوشش کر رہے ہیں جو قابلِ افسوس ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کی قیادت میں موجودہ عوامی حکومت صحافیوں کے مسائل کے حل کے لیے مثبت رویہ رکھتی ہے اور سابق حکومت کی طرح امتیازی سلوک کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ انہوں نے ورکنگ جرنلسٹس سے اپیل کی کہ نئے جی او کے خلاف کیے جا رہے منفی پراپیگنڈے پر یقین نہ کریں۔
