جنگ طلب عناصر غزہ سے مقاومت اور حماس کو ختم کرنے میں ناکام ہوں گے، ایرانی وزیر خارجہ

[]

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے وزیرخارجہ امیر عبداللہیان نے تہران میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ او آئی سی اجلاس کے شرکاء غزہ میں صہیونی جرائم کے فوری خاتمے کے مطالبے پر متفق تھے۔ رکن ممالک کا مشترکہ مطالبہ تھا کہ عالمی برادری بے گناہ بچوں اور خواتین کے قتل عام پر غیر جانبدار رہنے کے بجائے شدید ردعمل دکھائے۔

جدہ سے واپسی کے موقع پر انہوں نے کہا کہ غزہ کے ہسپتال پر صہیونی حکومت کے وحشیانہ حملے کے نتیجے میں ایک ہزار سے زائد سویلین شہید ہوگئے اس کے باوجود امریکی صدر نے جنگ طلب صہیونی حکومت کی حمایت کی اور دوغلی پالیسی اختیار کرتے ہوئے غزہ میں 20 ٹرک امدادی سامان بھیجنے پر آمادگی ظاہر کی۔

عبداللہیان نے مزید کہا کہ یہ انتہائی مضحکہ خیز بات ہے کہ امریکی صدر جرم اور مجرم کی حمایت کے بعد اپنی ساکھ بچانے  کے لئے غزہ کے لئے 20 ٹرک کی قلیل امداد کا اعلان کرتے ہیں جوکہ غزہ کے غذائی اور دیگر بحران کو مدنظر رکھتے ہوئے اونٹ کے منہ میں زیرہ رکھنے کے مترادف ہے۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ جدہ میں تمام مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ جنگ کا دائرہ وسیع ہونے کے حوالے سے تشویش کا شکار تھے۔ اگر یہی صورتحال جاری رہی تو کسی بھی لمحے جنگ کا دائرہ پھیل سکتا ہے۔ ہم صرف امید کرسکتے ہیں کہ غزہ میں جنگی جرائم سلسلہ رک جائے گا۔

انہوں نے علی الاعلان خبردار کیا کہ وقت تیزی سے گزر رہا ہے اگر جنگ طلب عناصر کا خیال ہے کہ غزہ سے مقاومت اور حماس کو ختم کردیں گے تو وہ احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔ سالوں پہلے حزب اللہ کے بارے میں بھی غیر مسلح کرنے کے دعوے کرتے تھے لیکن دنیا نے دیکھ لیا کہ حزب اللہ کی طاقت اور حیثیت مزید مستحکم ہوگئی ہے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *