[]
کراچی: کراچی میں لگنے والے قومی ٹیم کے تربیتی کیمپ کے دوران محمد رضوان نے پریکٹس کیلئے آئے آف اسپنر کو اپنے جوتے گفٹ کردیے۔
نیشنل اسٹیڈیم میں جاری کیمپ میں محمد رضوان نے انڈر 16 آف اسپنر عبد الہادی کو آؤٹ کرنے کا چیلنج دیا تھا لیکن عبد الہادی اس چیلنج میں کامیاب نہ ہوسکے تاہم کیمپ ختم ہوا تو رضوان نے عبدالہادی کو اپنے جوتے گفٹ کردیے۔
رضوان کی جانب سے عبدالہادی کو گفٹ کیا گیا گرینکلز کمپنی کا اسپائک جوتا 50 ہزار روپے سے زائد مالیت کا ہے۔
کراچی کے رہائشی عبد الہادی محمد رضوان کا تحفہ پاکر بے حد خوش نظر آئے اور اس دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جوتے پھٹے ہوئے تھے اور انہوں نے ضرورت کے تحت محمد رضوان سے جوتے مانگے تھے جس پر رضوان نے آؤٹ کرنے کا چیلنج دیا۔
عبد الہادی نے بتایا کہ رضوان کو آؤٹ نہیں کرسکا لیکن اس کے باوجود انہوں نے مجھے جوتے گفٹ کیے اور میرے لیے اعزاز ہے۔ دوسری جانب کیمپ کے اختتام پر پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ بریڈ برن نے پریکٹس کےلیے آنے والے بچوں سے ملاقات کی اور انہیں شاباش دیتے ہوئے گروپ فوٹو بھی بنوایا۔