تلنگانہ:خود کوپولیس ظاہر کرتے ہوئے زیورات کی دکانات کے مالکین سے رقم کی وصولی۔نوجوان گرفتار

حیدرآباد: تلنگانہ کے حضور نگر شہر میں پیش آئے ایک واقعہ میں چار نوجوانوں کو پولیس نے گرفتار کر کے ریمانڈ پر بھیج دیا۔ یہ نوجوان بری عادتوں کے شکار تھے اور آسانی سے رقم کمانے کے ارادے سے ایک سال سے زیورات کی دکانوں کو نشانہ بنا رہے تھے۔

پولیس کے مطابق، یہ نوجوان دکان کے مالک کو فون کر کے خود کو ایس آئی ظاہر کرتے تھے اور دعویٰ کرتے تھے کہ حالیہ چوری کا سونا ان کی دکان میں فروخت کیا گیا ہے۔ پھر یہ افراددکان کے مالک کو دھمکاتے ہوئے کہتے تھے کہ اگر وہ ان کا مطالبہ پورا نہیں کریں گے تو ان پر کیس درج کر کے جیل بھیج دیا جائے گا۔

نلگنڈہ ضلع کے ندامنورو منڈل کے رہنے والے پرشانت، نلگنڈہ شہر کے منیم چیلکا کے رہنے والے شیخ عرفان، نلگنڈہ شہر کے حیدرنگر کے رہنے والے شیخ واجد، اور ندامنورو منڈل کے ہی اکشت کمار نامی چار نوجوانوں نے یہ منصوبہ بنایا۔ یہ نوجوان گوگل سے ایس آئی کی تصاویر ڈاؤن لوڈ کر کے انہیں ٹرو کالر ڈی پی میں لگاتے تھے۔

پھر گوگل میپ پر زیورات کی دکانوں اور ان کے مالکین کی کی تفصیلات حاصل کرتے اور غیر آباد علاقوں میں جا کر فون پر دکان کے مالک سے بات کرتے ہوئے کہتے تھے کہ وہ فلاں پولیس اسٹیشن کے ایس آئی ہیں۔ یہ نوجوان دعویٰ کرتے تھے کہ کچھ چور پکڑے گئے ہیں جنہوں نے ان کی دکان میں سونا فروخت کیا ہے۔

اس کے بعد یہ نوجوان دکان کے مالک کو دھمکاتے تھے کہ سونا واپس دینا ہوگا ورنہ کیس درج کر کے جیل بھیج دیا جائے گا۔ اسی طرح، یکم مارچ کو دوپہر میں پرشانت نامی نوجوان نے ترملگری گاؤں کے رہنے والے شیو کمار نامی جوہری کو فون کیا اور کہا کہ وہ راجم پیٹ ایس آئی ہے۔ فون پر اس نے کہا کہ شیو کمار نے چوروں سے سونا خریدا ہے اور اگر انھیں کیس سے بچنا ہو تو ایک لاکھ روپے فون پے پر بھیجنے کا مطالبہ کیا۔

خوفزدہ ہو کر شیو کمار نے 52 ہزار روپے فون پے پر بھیج دیے۔ اسی طرح 8 تاریخ کو دوپہر میں حضور نگر شہر کے سریندھی جیولری شاپ کے مالک نوین کمار کو فون کر کے خود کو ایس آئی بتایا اور ان سے بھی چوری کا سونا واپس کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا گیا کہ اگر ایسا نہ کیا گیا تو اس پر کیس درج کر کے جیل بھیجا جائے گا۔

خوفزدہ ہو کر نوین کمار نے 10 ہزار روپے فون پے پر بھیج دیے۔ نوین کمار نے ان پر شک کرتے ہوئے پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی۔پولیس نے کیس درج کر کے تحقیقات کی اس دوران چار نوجوانوں کی دھوکہ دہی کا پتہ چلا۔جس پر پولیس نے انھیں گرفتار کرلیا۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *