
ترواننت پورم/ کوچی (پی ٹی آئی) مہاتما گاندھی کے پڑپوتے تشار گاندھی نے جمعہ کے دن کہا کہ وہ آر ایس ایس۔ بی جے پی کے خلاف حالیہ بیان نہ تو واپس لیں گے اور نہ ہی معافی مانگیں گے جبکہ 2 بھگوان تنظیموں نے ان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔
ترواننت پورم میں حالیہ تقریب میں تشار گاندھی نے بی جے پی اور آر ایس ایس کو ”خطرناک اور دغا باز دشمن“ قراردیا تھا جو کیرالا میں داخل ہوگئی ہیں۔ انہوں نے آر ایس ایس کو ”زہر“ قراردیا تھا۔ بی جے پی اور آر ایس ایس ورکرس نے نعرے بازی کی تھی اور ان کی کار کو روکا تھا۔
تشار گاندھی نے کہا کہ اس واقعہ نے غداروں کو بے نقاب کرنے کے میرے عہد کو پختہ کیا ہے۔ یہ لڑائی‘ آزادی کی لڑائی سے زیادہ اہم ہے۔ اب ہمارا مشترکہ دشمن ہے سنگھ پریوار۔ اسے بے نقاب کرنا ہی ہوگا۔
انہو ں نے یہ بھی کہا کہ مجھے اندیشہ ہے کہ مہاتما گاندھی کے قاتل مہاتما گاندھی کے مجسمہ کے پاس جائیں گے اور اسے گولیاں ماریں گے کیونکہ انہیں اس کی عادت ہے۔ بی جے پی نے پلٹ و ار کرتے ہوئے اتفاق سے مہاتما گاندھی کی نسل میں پیدا ہونے والاشخص مہاتما کا نام کیش کرانے کی کوشش کررہا ہے۔
سابق مرکزی وزیر اور بی جے پی قائد وی مرلیدھرن نے مطالبہ کیا کہ بی جے پی کی شکایت پر تشار گاندھی کو گرفتار کرلیا جائے۔ انہوں نے کیرالا کی پی وجین حکومت پر تنقید کی جس نے تشار گاندھی کے خلاف نعرے لگانے والے 5 آر ایس ایس۔ بی جے پی ورکرس کو گرفتار کرلیا۔