آسٹریلیا کے ورلڈکپ اسکواڈ کا اعلان

[]

ملبورن: ونڈے ورلڈ کپ کیلئے آسٹریلیا کی ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا نے چہارشنبہ کو ایک ماہ بعد شروع ہونے والے ونڈے ورلڈکپ کیلئے 15 کھلاڑیوں کا انتخاب کیا ہے۔

ٹیم کی کپتانی پیاٹ کمنس کے پاس رہے گی۔ نوجوان فاسٹ بولر شان ایبٹ کو بھی اسکواڈ میں جگہ دی گئی ہے جبکہ فٹنس مسائل کی وجہ سے جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز سے باہر رہنے والے اسٹار آل راونڈر گلین میکسویل کی بھی واپسی ہوئی ہے۔

وکٹ کیپر بلے باز جوش انگلس بھی سلکٹرس کو متاثر کرنے میں کامیاب رہے جبکہ الیکس کیری دوسرے وکٹ کیپر کے طورپر ٹیم میں شامل رہیں گے۔ فاسٹ بولرس جوش ہیزلووڈ اور مچل اسٹارک بھی 15 رکنی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔ ونڈے ورلڈ کپ 5 اکتوبر سے شروع ہو رہا ہے۔

آسٹریلیا کا پہلا میچ 8 اکتوبر کو چینائی کے چیپاک گراؤنڈ میں میزبان ہندوستان کے خلاف ہوگا۔ تمام ٹیمیں اپنے اسکواڈ میں 15 کھلاڑیوں کو جگہ دے سکتی ہیں۔ ٹیمیں 3 اسٹینڈ بائی کھلاڑیوں کے نام بھی لے سکتی ہیں۔

ورلڈ کپ میں شریک تمام ممالک کو 28 ستمبر تک اپنے اسکواڈز کی حتمی فہرست انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو جمع کرانا ہوگا۔ ونڈے ورلڈ اکتوبر۔ نومبر میں 46 دنوں تک ہوگا جس میں 48 میچ کھیلے جائیں گے۔ پہلا میچ 5 اکتوبر کو احمد آباد میں گزشتہ ورلڈ کپ کی فاتح اور رنر اپ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہوگا۔

12 نومبر تک لیگ مرحلے کے 45 میچز ہوں گے۔ دو سیمی فائنلز 15 اور 16 نومبر کو کھیلے جائیں گے اور فائنل 19 نومبر کو احمدآباد میں کھیلا جائے گا۔ آسٹریلیا کا اسکواڈ اس طرح ہے۔

پیاٹ کمنس (کپتان)، اسمتھ، ایلکس کیری، جوش انگلیس، شان ایبٹ، ایشٹن آگر، کیمرون گرین، ہیزلووڈ، ٹراویس ہیڈ، مچل مارش، میکسویل، مارکس اسٹاونس، ڈیوڈ وارنر، ایڈم زمپا‘ مچل اسٹارک۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *