[]
حیدرآباد: چیرمین تلنگانہ کانگریس اسکریننگ کمیٹی مرلیدھرن ایم پی کی قیادت میں کمیٹی کا اجلاس آج 11بجے دن ہوٹل تاج کرشنا میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں انچارج اے آئی سی سی مانک راؤٹھاکرے، صدر ٹی پی سی سی اے ریونت ریڈی، سی ایل پی قائد بھٹی وکرامارکہ، اتم کمار ریڈی ایم پی، اسکریننگ کمیٹی ارکان جگنیش میوانی، بابا صدیقی (سابق ایم ایل اے ممبئی) اے آئی سی سی انچارج سکریٹریز روہت چودھری، منصور علی خان نے شرکت کی۔
بتایاگیا ہے کہ اجلاس میں تلنگانہ کے مجوزہ اسمبلی انتخابات میں پارٹی ٹکٹ کے دعویداروں کے ناموں پر غور و خوص کیا گیا جس کو تلنگانہ کانگریس الیکشن کمیٹی نے سفارش کی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پردیش الیکشن کمیٹی نے119 اسمبلی حلقوں کے جملہ1006 درخواستوں پر غور وخوص کے بعد ہر حلقہ سے دو یا تین ناموں کی سفارش کی ہے۔
اوریہ سفارش درخواست گذاروں کی پارٹی سے وفاداری، ان کی کارکردگی کی بنیاد پر کی گئی ہے۔ اجلاس میں سفارش کردہ ناموں پر غور وخوص کے بعد ہر حلقہ سے ایک امیدوار کا انتخاب عمل میں آئیگا۔ جس کے بعد اسکریننگ کمیٹی یہ فہرست مرکزی الیکشن کمیٹی دہلی کو روانہ کرے گی۔
صدر اے آئی سی سی کھر گے کی زیر قیادت مرکزی الیکشن کمیٹی تلنگانہ کے 119 امیدواروں کے ناموں کو قطعیت دے گی جس کے بعد امیدواروں کا باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔اس دوران جنرل سکریٹری اے آئی سی سی وانچارج تنظیمی امور کے سی وینو گوپال آج شام7بجے حیدرآباد پہنچے۔
بتایا گیا ہے کہ وہ ایر پورٹ سے سیدھے ہوٹل تاج کرشنا پہونچے جہاں وہ پردیش کانگریس قائدین کے علاوہ اسکریننگ کمیٹی کے چیرمین سے بھی ملاقات کریں گے۔ کے سی وینوگوپال کا دورہ دراصل 16 اور17 ستمبر کو حیدرآباد میں منعقد ہونے والے سی ڈبلیو سی اجلاس کی تیاریوں کا جائزہ لینا ہے۔
دوسرے دن وہ جلسہ عام کے مقام سکندرآباد پریڈگراونڈ یا ایل بی اسٹیڈیم کا معائنہ بھی کریں گے۔ یہ بھی امکان ہے کہ اسکریننگ کمیٹی کا نگریس ٹکٹ کے منتخب امیدواروں کی فہرست کے سی وینو گوپال کوپیش کریں۔