مدھیہ پردیش کے مہو ٹاؤن میں فرقہ وارانہ تشدد۔ 3 کاروں اور 12 دوپہیہ گاڑیوں کو آگ لگادی گئی

مہو / اندور (پی ٹی آئی) مدھیہ پردیش کے مہو ٹاؤن میں انڈین کرکٹ ٹیم کی آئی سی سی چمپئنس ٹرافی فائنل میں جیت پر نکالی گئی ریالی پر سنگباری اور جھڑپوں کے سلسلہ میں 13 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

عہدیداروں نے پیر کے دن یہ بات بتائی۔ اتوار کی رات پیش آئے واقعہ میں 4 افراد زخمی ہوئے۔ اندور کے کلکٹر آشیش سنگھ نے میڈیا کو یہ بات بتائی۔ پولیس کے بموجب ضلع اندور کے مہو ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں تشدد کے 5 واقعات پیش آئے۔ 3 کاروں ا ور کئی دوپہیہ گاڑیوں کو آگ لگادی گئی۔

کلکٹر نے کہا کہ پولیس نے تاحال 13 افرادکو گرفتار کیا ہے۔ ان پر آتشزنی اور تشدد برپا کرنے کا الزام ہے۔ صورتِ حال اب قابو میں ہے۔ بعض کے خلاف ناسا کے تحت کارروائی ہوگی۔ مزید ایف آئی آر بھی درج ہوں گی۔ واقعات کے تعلق سے ویڈیوز بھی منظرعام پر آئی ہیں۔ علاقہ میں فی الحال امن بحال کردیا گیا ہے۔

کسی کو بھی بخشا نہیں جائے گا۔ کلکٹر نے لوگوں سے کہا کہ وہ افواہیں نہ پھیلائیں۔ واقعہ کی وجہ کے بارے میں پوچھنے پر کلکٹر نے کہا کہ ایک مسجد کے قریب مسئلہ پیدا ہوا۔ جلوسیوں کا دوسرے گروپ سے جھگڑا ہوا جس کے بعد دھکم پیل شروع ہوگئی۔

ابتدائی اطلاع کے مطابق آتشبازی پر بحث و تکرار ہوئی۔ مہو پولیس اسٹیشن انچارج راہول شرما نے کہا کہ 3کاروں اور 12 دوپہیہ گاڑیوں کو آگ لگادی گئی۔ پولیس تمام 5 واقعات(ٹال محلہ‘ سیوا مارگ‘ پٹی بازار‘ مانک چوک اور جامع مسجد علاقہ) کی تحقیقات کررہی ہے۔

سارے سی سی ٹی وی فوٹیج اور لوگوں نے موبائل پر جو ویڈیو بنائے ان کی جانچ کی جارہی ہے تاکہ آتشزنی‘ توڑپھوڑ اور سنگباری میں ملوث افراد کی شناخت کی جائے۔ کل رات دیر گئے سیکوریٹی فورس کا بڑا دستہ مہو ٹاؤن پہنچ گیا۔ یہ ٹاؤن اندور ضلع مستقر سے 25کیلومیٹر واقع ہے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *