للت مودی کا پاسپورٹ منسوخ کردیا جائے۔ وانواتو کے وزیراعظم کی سٹیزن شپ کمیشن کو ہدایت

پورٹ ولا (پی ٹی آئی) وانواتو کے وزیراعظم جوتھم ناپٹ نے پیر کے دن سٹیزن شپ کمیشن کو ہدایت دی کہ سابق انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) بانی للت مودی کو جاری پاسپورٹ منسوخ کردیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بھگوڑا اپنے اخراج سے بچنے کی کوشش کررہا ہے۔ 7 مارچ کو للت مودی نے لندن میں انڈین ہائی کمیشن (سفارت خانہ) میں اپنا ہندوستانی پاسپورٹ جمع کرادینے کی درخواست داخل کی تھی۔ اس نے وانواتو کی شہریت لے لی ہے جو جنوبی بحرالکاہل کا جزائری ملک ہے۔

اس نے 2010 میں ہندوستان چھوڑدیا تھا۔ کہا جارہا ہے کہ وہ لندن میں رہ رہا ہے۔ جمہوریہ وانواتو کی جاری کردہ سرکاری میڈیا ریلیز میں وزیراعظم نے کہا کہ میں نے سٹیزن شپ کمیشن کو ہدایت دی ہے کہ للت مودی کو جاری پاسپورٹ منسوخ کردیا جائے۔

بین الاقوامی میڈیا میں اس کے تعلق سے حال میں جو انکشافات ہوئے ہیں اس کے مدنظر یہ اقدام کیا گیا۔ للت مودی کی درخواست ِ شہریت کے دوران پس منظر کی جو جانچ کی گئی تھی اس وقت ایسی کوئی بات علم میں نہیں آئی تھی کہ اس کا پس منظر ٹھیک نہیں لیکن گزشتہ 24 گھنٹوں میں پتہ چلا کہ انٹرپول نے 2 مرتبہ ہندوستانی حکام کی الرٹ نوٹس جاری کرنے کی درخواست ٹھوس ثبوت نہ ہونے کی بنیاد پر مسترد کردی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ایسا کوئی بھی الرٹ للت مودی کی درخواست ِ شہریت کو خود بہ خود مسترد کردیتا ہے۔ وزیراعظم نے زور دے کر کہا کہ وانواتو کا پاسپورٹ مراعات ہے‘ حق نہیں۔ درخواست گزاروں کو جائز وجوہات پر شہریت حاصل کرنی ہوتی ہے۔

اخراج سے بچنے کی کوشش میں شہریت حاصل کرنا جواز نہیں بن سکتا۔ معاملہ کی جانکاری رکھنے والوں کا کہنا ہے کہ حکومت ِ ہند نے حکومت ِ وانواتو سے درخواست کی کہ للت مودی کا پاسپورٹ منسوخ کردیا جائے۔ حکومت ِ ہند نے کیس کی بعض تفصیلات بھی بھیجیں۔ وانواتو میں ہندوستان کا سفارتی مشن نہیں ہے۔ اس ملک کے ساتھ سفارتی تعلقات نیوزی لینڈ میں قائم ہندوستانی ہائی کمیشن (سفارت خانہ) کے ذمہ ہیں۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *